عمران خان کورونا پازیٹیو ہوگئے۔دو دن پہلے ویکسین لی تھی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-03-2021
عمران خان ہوئے گوشہ نشیں
عمران خان ہوئے گوشہ نشیں

 

 

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کورونا پازیٹیو ہوگئے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دو دن قبل ہی عمران خان نے کورونا کی پہلی ویکسین لی تھی۔جس کا اعلان انہوں نے خود ٹیوٹر پر کیا تھا۔

عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی صحت سروسز ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایک ٹویٹ میں ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے خود کو گھر پر کورنٹائن کر لیا ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ٹوئٹر پر بتایا کہ وزیراعظم کا کورونا کا ٹیسٹ آج ہی کیا گیا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ ’براہ مہربانی اس کو کورونا ویکسین کے ساتھ لنک مت کریں۔ویکسین لگنے کے کچھ ہفتے کے بعد قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔‘ انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان نے واضح کیا کہ ویکیسن لگوانے سے کورونا وائرس نہیں ہوتا ہے اور خدشہ ہے کہ عمران خان کو ویکسین لگوانے سے قبل ہی وائرس لگا ہو۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے میں پانچ سے سات دن لگتے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم ہاؤس سے ایک ٹویٹ کے ذریعے قرآن میں صحت سے متلق ایک آیت شیئر کرتے ہوئے انہیں کورونا وائرس لگنے کی تصدیق کی ہے۔

وزیر اعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنماؤں نے ان کی جلد صحت یابی کی ٹویٹس کی ہیں۔ پاکستان میں کرونا وبا کی تیسری لہر میں اضافہ ہو رہا ہے اور وبا سے نمٹنے کے ذمہ دار این سی او سی نے تشویش ظاہر کی تھی کہ عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کےلئےحفاظتی اقدامات نہیں اٹھا رہی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیر اعظم کی صحت کے لئے دعائیہ کلمات کہے۔

کراچی کے انڈس اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالباری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو ویکسین لگنے سے قبل ہی کورونا ہوا ہو گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویکسین لگانے کے بعد کورونا مثبت نہیں آتا، وزیراعظم کو ویکسین لگنے سے قبل ہی کورونا ہوا ہو گا۔ ، وزیراعظم کا یقینا 5 سے 7 روز قبل کورونا کا ایکسپوژر ہوا ہوگا اس لئے اب ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین لگنے کے 2 سے 3 ہفتوں کے بعد اینٹی باڈیز بنتی ہیں اسی لئے چینی ویکسین کی دو ڈوز لگائی جاتی ہیں تاکہ اینٹی باڈیز زیادہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم کو علامات بہت کم ہوں گی، کیونکہ وہ خود کو فٹ بھی رکھتے ہیں اور آنے والے دنوں میں ویکسین کی وجہ سے ان کی اینٹی باڈیز بھی بننا شروع ہو جائیں گی۔