پاکستان :رحمان ملک کے انتقال پر عمران خان کی تعزیت بن گئی تنازعہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
پاکستان :رحمان ملک کے انتقال پر عمران خان کی تعزیت  بن گئی تنازعہ
پاکستان :رحمان ملک کے انتقال پر عمران خان کی تعزیت بن گئی تنازعہ

 

 

اسلام آباد:تعزیت کرنے والوں میں پرائم منسٹر آفس اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی شامل ہیں مگر سوشل میڈیا صارفین ان دونوں کے تعزیت کے انداز سے ناخوش ہیں اور انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

 سابق وزیر داخلہ، سینیٹر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمٰن ملک کی وفات پر سیاسی حلقوں سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے اور عوام و خواص دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔ تعزیت کرنے والوں میں پرائم منسٹر آفس اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی شامل ہیں مگر سوشل میڈیا صارفین ان دونوں کے تعزیت کے انداز سے ناخوش ہیں اور انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

پرائم منسٹر آفس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک کی وفات پر افسوس کا اظہار کرنے کے لیے ایک ٹویٹ شیئر کی گئی جس میں وزیر اعظم کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا کہ ’اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائیں اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کریں۔

ٹویٹ میں رحمن ملک کے بجائے وزیر اعظم عمران خان کی تصویر لگائی گئی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین ناپسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔  سرور بلتی نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی: ’ خود کے مرنے کی افسوس نہیں کررہے ہیں رحمان ملک کا انتقال ہوا ہے۔ کم از کم تصویر تو رحمان ملک کی لگاتے۔‘

awazthevoice

تعزیتی تحریر کا عکس

وزیر اعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ارسلان خالد نے بتایا کہ ’دراصل ٹیم نے سیاہ اور سفید رنگ میں وزیر اعظم عمران خان کی تصویر سوگواری کا تاثر دینے کے لیے لگائی تھی۔‘ انہوں نے مزید کہا: ’اس تصویر سے جو پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی تھی وہ شاید اس احسن انداز میں نہیں دیا جا سکا اسی لیے اس تصویر کو ہٹا کر بغیر تصویر کے دوبارہ پوسٹ شیئر کی گئی ہے۔‘

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی رحمٰن ملک کی وفات پر تعزیتی ٹویٹ کی جس پر انہیں بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ فواد چوہدری نے تحریر کیا: ’ رحمنٰ ملک انتقال کرگئے إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ، حدیبیہ کیس میں ان کی سربراہی میں تفتیش ہوئی اگرچہ اس پر انصاف ابھی تک نہیں ہوا لیکن اس تفتیش نے کرپشن کے ایسے ماڈرن طریقے ظاہر کئے کہ لوگ حیران رہ گئے۔ خدا غریق رحمت کرے۔

۔سوشل میڈیا صارفین نے اس ٹویٹ پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے فواد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

شفیق اختر نامی ٹوئٹر صارف نے تحریر کیا: ’فواد چوہدری کو کیوں یقین نہیں کہ ایک دن اس کو بھی موت آنی ہے۔ اپنی موت کو بھول کر دوسرے کی وفات پر تبصرے کرنا انسانیت سے گری ہوئی بات ہے ابھی تو شاید عبدالرحمن ملک مرحوم کو دفن بھی نہیں کیا گیا۔ رب کریم اپنی موت سے غافل تحریک انصاف کے لوگوں کو ہدایت عطا فرمائے۔‘