نئی دہلی: امریکہ میں ہندوستان کے سفیر ونے موہن کواترا نے ایک سینئر امریکی دفاعی عہدیدار سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔ کواترا نے جمعہ کے روز امریکی وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر پینٹاگون میں امریکی نائب وزیر دفاع ایلبرج کولبی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور دفاعی صنعت سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
ونے موہن کواترا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا: "پینٹاگون میں نائب وزیر دفاع ایلبرج کولبی کے ساتھ مفید گفتگو ہوئی۔ میں ہند۔امریکہ اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانے میں ان کے مسلسل تعاون کی قدر کرتا ہوں۔" انہوں نے مزید کہا: "مجھے امید ہے کہ دوطرفہ دفاعی اور دفاعی صنعتی تعاون کے ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
" واضح رہے کہ ہندوستان اور امریکہ نے گزشتہ سال اکتوبر میں دس سالہ دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کا مقصد مشترکہ فوجی کارروائیوں میں ہم آہنگی بڑھانا، خلائی اور سائبر شعبوں میں انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کرنا، اور دفاعی صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔