نیویارک/واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے بنگلہ دیش اور پاکستان سمیت ’اعلیٰ خطرے والے‘ 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پر عائد کی گئی تازہ پابندی سیاحتی یا ورک ویزا پر لاگو نہیں ہوتی۔ اس پابندی کا اثر صرف ان افراد پر پڑے گا جو امریکہ میں مستقل طور پر رہائش اختیار کرنا چاہتے ہیں۔
امریکہ نے بدھ کے روز پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال، ایران، عراق اور روس سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا جاری کرنے کے عمل پر پابندی لگانے کا اعلان کیا۔ امریکی حکام کے مطابق، ان ممالک سے آنے والے تارکینِ وطن امریکی فلاحی اسکیموں سے ’ناقابلِ قبول حد تک‘ فائدہ اٹھاتے ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امیگریشن کے خلاف سخت اقدامات کے تحت اٹھایا گیا یہ تازہ قدم ان غیر ملکیوں کے داخلے پر قدغن لگانے کے لیے ہے جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ امریکہ میں قیام کے دوران عوامی فلاحی سہولیات پر انحصار کریں گے۔ امریکی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا: صدر ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ تارکینِ وطن کو معاشی طور پر خود کفیل ہونا چاہیے اور امریکی عوام پر مالی بوجھ نہیں بننا چاہیے۔
وزارتِ خارجہ تمام پالیسیوں، قواعد و ضوابط اور رہنما خطوط کا مکمل جائزہ لے رہی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان اعلیٰ خطرے والے ممالک سے آنے والے تارکینِ وطن امریکہ میں فلاحی اسکیموں سے فائدہ نہ اٹھائیں۔ وزارت کے مطابق، افغانستان، البانیہ، انٹیگوا و باربوڈا، آرمینیا، آذربائیجان، بہاماس، بنگلہ دیش، بارباڈوس، بیلاروس، بھوٹان، برازیل، برما، کمبوڈیا سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پر پابندی 21 جنوری سے نافذ ہو جائے گی۔
ان ممالک میں کیوبا، جمہوریہ کانگو، مصر، ایران، عراق، اردن، کویت، لیبیا، نیپال، پاکستان، روس، سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز، صومالیہ، شام، تھائی لینڈ، یوراگوئے، ازبکستان اور یمن بھی شامل ہیں۔ وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ یہ پابندی سیاحتی ویزا پر لاگو نہیں ہوتی اور خاص طور پر صرف امیگرنٹ ویزا درخواست دہندگان کے لیے ہے۔
بیان میں کہا گیا: “سیاحتی ویزا غیر امیگرنٹ ویزا ہوتے ہیں۔” امیگرنٹ ویزا (IV) اس شخص کو جاری کیا جاتا ہے جو “امریکہ میں مستقل طور پر رہائش اختیار کرنا” چاہتا ہو۔ جبکہ غیر امیگرنٹ ویزا (NIV) ان افراد کو دیے جاتے ہیں جن کی مستقل رہائش امریکہ سے باہر ہوتی ہے، لیکن وہ سیاحت، علاج، کاروبار، عارضی ملازمت یا تعلیم کے لیے عارضی بنیاد پر امریکہ میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔