اسپتال پر حملہ، حماس کے کیمرے کو نشانہ بنایا گیا، چھ ہلاک

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-08-2025
اسپتال پر حملہ، حماس کے کیمرے کو نشانہ بنایا گیا، چھ ہلاک
اسپتال پر حملہ، حماس کے کیمرے کو نشانہ بنایا گیا، چھ ہلاک

 



تل ابیب [اسرائیل]، 27 اگست (اے این آئی): اسرائیلی ڈیفنس فورسز(IDF) نے کہا ہے کہ غزہ کے ناصر اسپتال پر کی گئی فضائی کارروائی میں نشانہ ایک کیمرا تھا جو حماس نے اسرائیلی فوجیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے نصب کیا تھا۔ اس حملے میں چھ دہشت گرد مارے گئے، جن میں ایک وہ بھی شامل تھا جس نے 7 اکتوبر 2023 کے اسرائیل پر ہونے والے حملے میں حصہ لیا تھا۔

آئی ڈی ایف نے ایک بیان میں کہا:
"
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ گولانی بریگیڈ کے فوجیوں نے خان یونس کے علاقے میں آپریشن کے دوران ایک کیمرا دیکھا جو ناصر اسپتال کے قریب حماس نے نصب کیا تھا۔ اس کیمرے کا مقصد آئی ڈی ایف فوجیوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا اور ان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کی ہدایت دینا تھا۔"

آئی ڈی ایف نے مزید کہا کہ اسپتال کو جنگ کے آغاز سے ہی حماس عسکری مقاصد کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ بیان کے مطابق، "یہ نتیجہ مزید شواہد اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر بھی ثابت ہوا ہے کہ حماس ناصر اسپتال کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔"

تحقیقات کی رپورٹ چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر کو پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مارے جانے والے چھ افراد میں سب دہشت گرد تھے، جن میں ایک 7 اکتوبر کے حملے میں شریک تھا۔ ساتھ ہی آئی ڈی ایف نے اس واقعے میں عام شہریوں کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

آئی ڈی ایف کے مطابق کارروائی کا مقصد صرف حماس کے نصب کردہ کیمرے کو تباہ کرنا اور فوجیوں پر ممکنہ خطرے کو ختم کرنا تھا۔ "چیف آف جنرل اسٹاف نے واضح کیا ہے کہ آئی ڈی ایف کی تمام کارروائیاں صرف عسکری اہداف کے خلاف کی جاتی ہیں۔"

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈویژن کمانڈر نے ٹینک فائر کی اجازت دی تھی لیکن سدرن کمانڈ نے اس کی اجازت نہیں دی تھی۔ بالآخر دو گولے داغے گئے اور جب مسلح افراد دیکھے گئے تو مزید دو گولے فائر کیے گئے، یوں کل چار گولے مارے گئے۔

اسرائیلی حملے میں ناصر اسپتال کے اندر کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوئے جن میں پانچ صحافی بھی شامل تھے۔ جاں بحق ہونے والے صحافیوں میں الجزیرہ کے محمد سلامہ، رائٹرز کے کیمرہ مین حسام المصری اور اے پی سے وابستہ مریم ابو دقہ شامل ہیں۔

اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا: "اسرائیل کو غزہ کے ناصر اسپتال میں آج پیش آنے والے المناک واقعے پر گہرا افسوس ہے۔ اسرائیل صحافیوں، طبی عملے اور تمام عام شہریوں کے کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔"

غزہ کی سول ڈیفنس کے مطابق، پیر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 61 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں امداد کے منتظر سات افراد بھی شامل ہیں۔ ادارے نے یہ بھی بتایا کہ 6 اگست سے اب تک صرف غزہ سٹی میں 1,000 عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں اور سینکڑوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ مسلسل بمباری اور راستوں کی بندش نے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔