ابراہیم رئیسی نے ایرانی صدرکے طورپرحلف لیا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2021
ابراہیم رئیسی نے ایرانی صدرکے طورپرحلف لیا
ابراہیم رئیسی نے ایرانی صدرکے طورپرحلف لیا

 

 

 تہران

ایران میں ابراہیم رئیسی نے ملکی صدر کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ ایوان میں منعقد کی گئی تقریب میں مختلف ممالک کے وزرا، نمایندوں اور سفیروں نے شرکت کی۔ رئیسی 62 فیصد ووٹ حاصل کر کے جون میں منعقدہ انتخابات میں کامیاب رہے تھے۔

منگل کے روز ایرانی رہبراعلیٰ خامنہ ای نے ان کے صدر کے طور پر تقرر کی حتمی منظوری بھی دے دی تھی۔ تقریب حلف برداری سے اپنے خطاب میں رئیسی نے کہا کہ اقتصادی بحران سے نمٹنا، بڑھتی ہوئی افراط زر پر قابو پانا اور کرپشن کا خاتمہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ایران، پانی اور بجلی کی قلت سے لے کرافراط زر کی آسمان چھوتی شرح اور جوہری کشیدگی سمیت اس وقت ملکی اور بین الاقوامی محاذ پر کئی چیلنجوں سے دوچار ہے۔

رہبراعلیٰ کی طرف سے باضابطہ توثیق اور اعلان کے بعد 60 سالہ ابراہیم رئیسی نے ایرانی پارلیمان میں ملک کے چھٹے صدر کے طور پر حلف اٹھایا ہے۔

حلف برداری کی تقریب سرکاری ٹیلی وژن پر براہ راست نشر کی گئی۔ حلف سے سے قبل خامنہ ای کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کی پسند کے بعد میں سمجھدار، قابل، تجربہ کار اور مقبول رہنما ابراہیم رئیسی کو ایران کا صدر بناتا ہوں۔

ابراہیم رئیسی نے اعتدال پسند صدر حسن روحانی کی جگہ لی ہے، جن کے دور اقتدار میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015ء میں جوہری معاہدہ ہوا تھا اور جسے بحا ل کرنے کی کوشش جاری ہے۔ ابراہیم رئیسی ایسے وقت میں ملک کا اقتدار سنبھال رہے ہیں جب ایران کو داخلی اور خارجی دونوں محاذوں پر کئی چیلنجوں کا سامنا ہے۔

اسی طرح عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے جنیوا میں ہونے والے مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔ (ایجنسی ان پٹ )