نئی دہلی: بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں جاری بدامنی، عوامی لیگ پر عائد پابندی، اور ملک میں غیر منتخب شدت پسند حمایت یافتہ حکومت کے ابھرنے کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
اس کے ساتھ انہوں نے آئندہ عام انتخابات سے عوامی لیگ کو باہر رکھنے پر بھی اعتراض کیا ہے۔ شیخ حسینہ نے کہا، بنگلہ دیش میں ہونے والے عام انتخابات کے عمل سے عوامی لیگ کو باہر رکھنا جمہوری اصولوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔ ملک میں عوامی لیگ کی موجودگی کے بغیر کوئی بھی انتخاب جمہوری طور پر جائز نہیں ہوسکتا۔ یہ انتخابات ایک غیر منتخب حکومت کی جانب سے غیر آئینی ڈھانچے کے تحت کروائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، جس عوامی لیگ کو ملک کی عوام نے 9 بار منتخب کیا، اسے اس غیر منتخب حکومت نے انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔ یہ کھلے عام ملک کے لاکھوں ووٹروں کے جمہوری حقوق چھیننے کی کوشش ہے۔ انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے انٹرویو میں شیخ حسینہ نے کہا، عوامی لیگ چاہے اقتدار میں ہو یا حزبِ اختلاف میں، یہ ضروری نہیں، لیکن اسے اس طرح پابندی لگا کر عام انتخابات سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔
بنگلہ دیش کے مفاد میں یہ نہایت ضروری ہے کہ عوامی لیگ پر سے پابندی ہٹائی جائے، ورنہ ملک ایک ایسے موقع کو کھو دے گا جب ایک ایسی حکومت بن سکتی تھی جو واقعی عوام کی رضامندی سے حکومت کرے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام ملک میں استحکام چاہتے ہیں اور پابندیوں کے اس سلسلے پر روک لگنی چاہیے۔
جب ان سے وطن واپسی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، بنگلہ دیش کے لیے میری وابستگی اٹل ہے۔ میں نے اپنی زندگی ملک کی مکمل ترقی کے لیے وقف کی ہے اور میری یہ وابستگی آج بھی اتنی ہی مضبوط ہے۔ میں اپنے ملک واپس جانا چاہتی ہوں، لیکن میری شرط یہ ہے کہ ملک میں جمہوریت پوری طرح بحال ہو۔
اس کے علاوہ ایسا انتخاب کرایا جائے جو بالکل آزاد، منصفانہ اور سب کی شمولیت پر مبنی ہو، اور اس عمل میں عوامی لیگ کو دوبارہ شامل کیا جائے، کیونکہ بنگلہ دیش کے عوام کو اپنا نمائندہ منتخب کرنے کا بنیادی حق حاصل ہے۔