رواں سال میں کتنے صحافی قیدہوئے اور کتنے قتل؟رپورٹ جاری

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 18-12-2021
رواں سال میں کتنے صحافی قیدہوئے اور کتنے قتل؟رپورٹ جاری
رواں سال میں کتنے صحافی قیدہوئے اور کتنے قتل؟رپورٹ جاری

 

 

جنیوا:رواں سال میں سب سے زیادہ صحافیوں کو چین میں مظالم کا نشانہ بننا پڑا۔ 2021 میں میکسیکو ، افغانستان، یمن اور ہندوستان میں سب سے زیادہ صحافیوں کو گرفتارکیاگیا۔

صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرزکی رپورٹ کے مطابق دنیا بھرمیں 46 صحافیوں کو قتل کیا گیا جبکہ 488 صحافیوں کو جیل میں ڈالا گیا، جن میں 60 خواتین بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق قتل ہونے والے صحافیوں میں 65 فیصدکو جان بوجھ کر نشانہ بنایاگیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال میکسیکو ،افغانستان،یمن اورہندوستان میں صحافیوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

میکسیکو میں7 ،افغانستان میں 6،یمن اور ہندوستان میں 4،4صحافی مارے گئے۔ تنظیم کی رپورٹ کے مطابق چین میں سب سے زیادہ 127 صحافیوں کو جیل میں ڈالا گیا۔ اس کے علاوہ میانمار میں 53 ،ویتنام میں 43 ، بیلاروس میں 32 اور سعودی عرب میں 31 صحافیوں کو جیل میں ڈالا گیا۔

جب کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے مطابق 2006 سے 2020 کے درمیان دنیا بھر میں 1200 صحافی قتل کیے جا چکے ہیں جب کہ قتل ہونے والے ہر 10 صحافیوں میں سے 9 کے قتل کے کیس حل نہیں ہو سکے۔ 2 نومبر کو دنیا بھر میں مختلف تنظیمیں اپنے اپنے ملکوں میں صحافیوں کے قتل کے حل نہ ہونے والے مقدمات پر بات کرتی ہیں اور ان کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتی ہیں

، 2 نومبر کو صحافیوں کی سلامتی سے متعلق یونیسکو کی شش ماہی رپورٹ پر بھی بات کی جاتی ہے۔ یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل ہر 6 ماہ بعد ایک رپورٹ جاری کرتے ہیں جس میں مختلف ملکوں میں صحافیوں کے خلاف جرائم کی تفصیلات درج ہوتی ہیں۔

پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے، جہاں صحافی ناصرف غیرریاستی عناصر کے ہاتھوں غیرمحفوظ ہیں بلکہ انہیں حکومتی اداروں کی جانب سے بھی دباؤ کا سامنا ہے۔

اقوام متحدہ نے رکن ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ صحافت سے وابستہ افراد کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدمات کریں، صحافیوں کے خلاف ہونے والے تشدد کے واقعات پر افسوسناک بات یہ ہے کہ جرائم کرنے والوں کو سزا کا خوف ہی نہیں

۔ 2013 میں مالی میں دو فرانسیسی رپورٹرز کے قتل کے بعد اقوام متحدہ نے ہر سال 2 نومبر کو صحافیوں پر تشدد کے خلاف عالمی دن منانے کا اعلان کیا۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں پر ہونے والے پرتشدد واقعات میں ہر 10 میں سے 9 کیسز میں مجرمان قانون کے شکنجے سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔ (ایجنسی)