ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے 13ویں پارلیمانی انتخابات میں تین ہندو امیدواروں نے کامیابی حاصل کی اور یہ تینوں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی بی این پی سے تعلق رکھتے ہیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انتخاب ایسے وقت میں منعقد ہوا جب اقلیتی شرکت اور ملک میں بڑھتے فرقہ وارانہ تناؤ پر توجہ مرکوز تھی۔
بی این پی نے 299 میں سے 211 نشستیں جیتیں جبکہ جماعت اسلامی 68 نشستوں تک محدود رہی۔ نمایاں کامیاب امیدواروں میں بی این پی کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر مملکت گایشور چندر رائے شامل ہیں جو ڈھاکہ 3 حلقے سے منتخب ہوئے۔ انہوں نے 99163 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے قریبی حریف جماعت اسلامی کے محمد شاہنور اسلام کو 83264 ووٹ ملے۔ یہ حلقہ کرانی گنج کے علاقوں جنجیرا آگانگر تیغریا کونڈا اور شوبھادھیا پر مشتمل ہے۔ اقلیتی ہندو برادری کے خلاف حالیہ حملوں کے تناظر میں ان کی جیت کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔
مگورا 2 نشست سے بی این پی کے نائب صدر نتائی رائے چودھری نے بھی نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انہیں 147896 ووٹ ملے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار مسترشد بللہ کو 117018 ووٹ حاصل ہوئے۔ چودھری کو پارٹی کے اندر ایک بااثر اقلیتی رہنما سمجھا جاتا ہے اور ان کی کامیابی اقلیتی اکثریتی علاقوں میں بی این پی کی مضبوط پوزیشن کو ظاہر کرتی ہے۔
رنگامتی پارلیمانی نشست سے ایڈووکیٹ دیپن دیوان بی این پی کے تیسرے ہندو فاتح کے طور پر سامنے آئے۔ انہیں 31222 ووٹ ملے جبکہ ان کے قریبی حریف آزاد امیدوار پہل چکما کو 21544 ووٹ حاصل ہوئے۔ اسی طرح ساچنگ پرو بندربن حلقے سے 141455 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور اقلیتی نمائندگی کے ایک اور اہم چہرے کے طور پر ابھرے۔
ہندو رہنما وں کی یہ کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اقلیتی برادری کو تشدد اور دباؤ کا سامنا رہا ہے۔ دسمبر 2025 میں سخت گیر نوجوان رہنما شریف عثمان ہادی کے قتل کے بعد اس برادری کے خلاف کئی حملے ہوئے جن میں بعض جان لیوا بھی ثابت ہوئے۔ بھارت نے بھی بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے خلاف تشدد پر تشویش ظاہر کی ہے
دوسری جانب جماعت اتحاد کی طرف سے میدان میں اتارا گیا واحد ہندو امیدوار شکست کھا گیا۔ کھلنا 1 نشست سے جماعت کے امیدوار کرشنا نندی کو 70346 ووٹ ملے مگر وہ بی این پی کے امیدوار سے ہار گئے۔ اس انتخاب میں جماعت اسلامی کا کوئی بھی اقلیتی امیدوار کامیاب نہیں ہو سکا۔