سعودی عرب میں حوثیوں کا حملہ۔ پاکستانی شہری سمیت 11 زخمی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2026
 سعودی عرب میں حوثیوں کا حملہ۔ پاکستانی شہری سمیت 11 زخمی
سعودی عرب میں حوثیوں کا حملہ۔ پاکستانی شہری سمیت 11 زخمی

 



ریاض: یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد نے جمعے کو بتایا کہ جنوبی سرحدی علاقے نجران پر حوثیوں کے حملے میں 11 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک پاکستانی شہری بھی شامل ہے۔یہ حملہ حوثیوں کی جانب سے یمن میں سرکاری فورسز پر 2022 کے بعد کیے گئے سب سے جان لیوا حملے کے ایک روز بعد ہوا ہے۔

اتحادی افواج کی مشترکہ کمان کے مطابق جمعرات کی رات گئے حوثیوں کی جانب سے کی گئی اندھادھند گولہ باری کے دوران کچھ گولے نجران کے شہری علاقوں میں آ گرے جس کے نتیجے میں 11 شہری زخمی ہوئے۔زخمی ہونے والوں میں 7 سعودی شہری۔ ایک یمنی۔ 2 مصری اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں۔ اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی زخمیوں میں ایک خاتون اور 4 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ دونوں کو دوسرے درجے کے زخم آئے ہیں۔

ترکی المالکی نے حوثیوں پر بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جان بوجھ کر شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی افواج شہریوں کو مزید حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری تادیبی اقدامات جاری رکھیں گی۔نجران پر یہ حملہ مآرب اور حضرموت کی گورنریوں میں فوجی کیمپوں پر حوثیوں کے بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملوں کے چند گھنٹے بعد ہوا۔ اے ایف پی کے حوالے سے مقامی ذرائع نے بتایا کہ ان حملوں میں کم از کم 58 سرکاری فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ یہ 2022 کے بعد یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی افواج پر حوثیوں کا سب سے جان لیوا حملہ قرار دیا گیا ہے۔

سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اتحاد نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔تازہ حملوں سے یمن کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورت حال پر تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ ماہ یمن کا طویل عرصے سے جاری تنازع خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے بھی جڑ گیا تھا۔

صنعا اور شمالی یمن کے بیشتر علاقوں پر قابض حوثیوں نے صنعا میں ایک ایرانی طیارے کی آمد کے بعد سعودی حمایت یافتہ حکومت کے ساتھ جاری کمزور جنگ بندی ختم کردی تھی جس کے بعد لڑائی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔بعد ازاں حوثیوں نے سعودی بندرگاہوں کی سمندری ناکہ بندی کا اعلان کیا اور سعودی عرب سے منسلک بحری جہازوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔

طبی حکام کے مطابق گزشتہ ماہ حوثی جنگجوؤں نے بحیرہ احمر کے ساحلی شہر الحدیدہ کے جنوب میں حکومت کی حمایت کرنے والی فورسز کے 16 اہلکاروں کو بھی ہلاک کردیا تھا۔یمن میں جاری جنگ کا آغاز 2014 میں حوثیوں کے صنعا پر قبضے کے بعد ہوا تھا۔ ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری اس تنازع نے ملک کو شدید تباہی سے دوچار کردیا ہے۔ جنگ کے دوران لاکھوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور یمن دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں شامل ہوگیا ہے۔اگرچہ 2022 میں اقوام متحدہ کی کوششوں سے ہونے والی جنگ بندی کے بعد یمن میں لڑائی میں نمایاں کمی آئی تھی۔ تاہم حالیہ حملوں نے خدشات پیدا کردیئے ہیں کہ تنازع ایک بار پھر نئے اور زیادہ خطرناک مرحلے میں داخل ہوسکتا ہے۔