واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران اور امریکا کے درمیان اہم مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان روانہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت میں امریکی وفد کی قیادت کریں گے، جہاں پاکستان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
روانگی سے قبل جے ڈی وینس نے کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات کے مطابق مذاکرات میں شریک ہو رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ایران کے ساتھ گفتگو مثبت سمت میں آگے بڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایرانی قیادت سنجیدگی اور نیک نیتی کا مظاہرہ کرے گی تو امریکا بھی تعمیری انداز میں آگے بڑھے گا، تاہم کسی قسم کی چالاکی یا غیر سنجیدہ رویے کی صورت میں امریکی وفد سخت مؤقف اختیار کر سکتا ہے۔
یہ مذاکرات کل اسلام آباد میں ہوں گے، جن میں امریکی وفد کے دیگر اہم ارکان میں نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔ دوسری جانب ایرانی وفد کی نمائندگی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کریں گے۔
پاکستان کی جانب سے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمانوں کے استقبال کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے وفود اور میڈیا نمائندوں کو ویزا فری آمدورفت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اسی تناظر میں ایک حالیہ گیلپ سروے کے مطابق 93 فیصد عوام حکومتی جنگ بندی کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، جو اس عمل کے لیے عوامی تائید کو ظاہر کرتا ہے۔