بیروت: ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروپ حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے تازہ جنگ بندی معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ نعیم قاسم نے جمعرات کو حزب اللہ کے ٹیلی ویژن چینل ’’المنار‘‘ پر نشر ہونے والے ایک تحریری بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان سے حزب اللہ کے جنگجوؤں کو ہٹانے کا مطالبہ دراصل ’’ہتھیار ڈالنے، شکست تسلیم کرنے اور دشمن کے مقاصد پورے کرنے‘‘ کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کی اولین ترجیح اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ، جنگ بندی کا نفاذ اور اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا ہے۔ نعیم قاسم کے مطابق جب تک اسرائیلی قبضہ برقرار رہے گا، مزاحمت ختم کرنے کے حوالے سے کسی بھی فریق سے کوئی وعدہ نہیں کیا گیا۔ اس سے قبل اسرائیل اور لبنان نے جنگ بندی میں توسیع اور لبنان کے اندر آزمائشی بنیادوں پر بعض ایسے سکیورٹی زون قائم کرنے پر اتفاق کیا تھا جہاں حزب اللہ کے جنگجوؤں کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہوگا۔
امریکی ثالثی میں وزارتِ خارجہ میں ہونے والے مذاکرات کے چوتھے دور کے بعد جاری مشترکہ بیان میں دونوں فریقوں نے کہا تھا کہ جنگ بندی اسی صورت مؤثر رہے گی جب حزب اللہ مکمل طور پر حملے بند کرے اور دریائے لیتانی کے جنوب میں موجود اپنے تمام جنگجوؤں کو واپس بلا لے۔