ڈھاکہ: عبوری حکومت نے انتخابات کی تیاریوں میں تیزی لاتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر یعنی فروری 2026 میں ہی ہوں گے۔ عبوری حکومت کے قانونی مشیر آصف نظرول نے کہا کہ حکومت انتخابات فروری میں کروانے کے عزم پر قائم ہے اور تمام تیاریاں اسی سمت میں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے انتخابات کے وقت کے بارے میں دیے جانے والے بیانات سیاسی عمل کا حصہ ہیں اور بنگلہ دیش میں یہ ایک روایتی بات ہے۔ اس میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آئی ہے، اس لیے ان بیانات کو سیاسی سرگرمیوں کا معمول سمجھا جانا چاہیے۔
آصف نظرول نے واضح کیا کہ انتخابات کرانے کی ذمہ داری حکومت کی ہے، نہ کہ کسی سیاسی جماعت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ واضح کر رہی ہے کہ انتخابات فروری 2026 میں مکمل ہو جائیں گے۔ عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس ایک بین الاقوامی سطح پر معتبر شخصیت ہیں، اور ان کی قیادت میں انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں نیشنل سٹیزن پارٹی کے رہنماؤں نے کہا تھا کہ بغیر اہم اصلاحات اور عبوری حکومت کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمات کے مکمل ہونے کے، اگلے سال فروری میں انتخابات کے انعقاد کا کوئی امکان نہیں۔ جولائی 2024 میں ایک عوامی بغاوت کے بعد شیخ حسینہ کی قیادت والی عوامی لیگ حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا۔ اس احتجاج میں بڑی تعداد میں طلباء نے حصہ لیا تھا۔
بالآخر 5 اگست 2024 کو حسینہ حکومت گر گئی اور وہ بھارت چلی گئیں۔ اس کے بعد محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت قائم ہوئی، جس نے ملک میں جمہوری ماحول بحال کرنے کا وعدہ کیا۔ عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں عام انتخابات فروری 2026 میں ہوں گے۔ یہ اعلان 5 اگست 2025 کو کیا گیا، جو شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کی پہلی سالگرہ بھی تھی۔