پاکستان : شدید بارشیں، ہلاکتوں کی تعداد 100 کے پار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2025
پاکستان :  شدید بارشیں، ہلاکتوں کی تعداد 100 کے پار
پاکستان : شدید بارشیں، ہلاکتوں کی تعداد 100 کے پار

 



اسلام آباد – نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 26 جون سے جاری شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 104 ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ پنجاب میں ہوا جہاں 39 افراد جان کی بازی ہار گئے، خیبرپختونخوا میں 31، سندھ میں 17، بلوچستان میں 16 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

مرنے والوں میں 49 بچے، 37 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف حادثات میں 200 افراد زخمی ہوئے جن میں 76 بچے، 78 مرد اور 46 خواتین شامل ہیں۔

شدید بارشوں کے نتیجے میں 413 مکانات کو نقصان پہنچا۔ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 146 مکانات متاثر ہوئے، سندھ میں 86، پنجاب میں 54، بلوچستان میں 52، آزاد کشمیر میں 45 جبکہ گلگت بلتستان میں 30 مکانات کو نقصان پہنچا۔

مویشیوں کے جانی نقصان کی بات کریں تو سندھ میں سب سے زیادہ 58 مویشی ہلاک ہوئے، خیبرپختونخوا میں 43، پنجاب میں 7 اور آزاد کشمیر میں 3 مویشی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں مون سون کا نیا سلسلہ 13 جولائی سے داخل ہو رہا ہے جو 17 جولائی تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 17 جولائی کے دوران اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارشوں کے ساتھ بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش متوقع ہے۔

سندھ کے بالائی علاقوں، خصوصاً سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور کراچی میں 15 سے 17 جولائی کے دوران بارش ہو سکتی ہے جبکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں 13 سے 16 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزید بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔