کینیڈا میں گرمی نے توڑے ریکارڈ۔ 69افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-06-2021
گرمی کی انتہا
گرمی کی انتہا

 

 

آواز دی وائس ‘نئی دہلی

دنیا بھر میں گرمی ریکارڈ توڑ رہی ہے اور اس کا اثر اب امریکہ سے کینیڈا تک نظر آرہا ہے۔ جہاں گرمی نے لوگوں کو تڑپا دیا ہے۔سورج کی تپش نے لوگوں کو تلملا دیا ہے۔ امریکہ اور کینیڈا کے شمال مغربی علاقوں میں گرمی کی لہر شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور حکام کے مطابق کینیڈا میں اس کے نتیجے میں 69 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ ہلاکتیں کینیڈا کے صوبہ وینکور میں ہوئی ہیں جو شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔

 کینیڈین پولیس کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں وینکور کے مضافات میں مرنے والوں میں زیادہ تعداد معمر افراد یا ان لوگوں کی تھی جو پہلے ہی سے صحت کے مسائل سے دوچار تھے۔ دیگر مقامی میونسپلٹیز کا کہنا ہے کہ انہیں پیر سے اچانک اموات کی اطلاعات مل رہی ہیں، لیکن انہوں نے ابھی ہلاکتوں کے اعداد و شمار مرتب نہیں کیے۔

 کینیڈین پولیس کے کارپورل مائیکل کلانج نے کہا کہ ’ابھی تحقیقات ہو رہی ہیں، لیکن اس بات کا امکان ہے کہ زیادہ تر اموات گرمی کی وجہ سے ہوئی ہیں۔‘گذشتہ چند برسوں سے موسمیاتی تبدیلی کے باعث درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔کہا جا رہا ہے کہ امریکی ریاست اوریگون سے لے کر کینیڈا کے آرکٹک ریجن تک گرمی کی وجہ ہائی پریشر گرم ہوائیں ہیں۔پیر کو کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں 47.9 ڈگری سیلسیز درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

 امریکی نیشنل ویدر سروس کے مطابق امریکی شہروں پورٹ لینڈ، اوریگون، سیٹل اور واشنگٹن میں 1940 کے بعد پہلی مرتبہ ریکارڈ درجہ حرارت سامنے آیا۔ پورٹ لینڈ میں 115 ڈگری فارن ہائٹ اور سیٹل میں 108 ڈگری فارن ہائٹ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔