حج 2026: مکہ مکرمہ میں دنیا کا سب سے بڑا خودکار قربان گاہ کمپلیکس تیار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-05-2026
حج 2026: مکہ مکرمہ میں دنیا کا سب سے بڑا خودکار قربان گاہ کمپلیکس تیار
حج 2026: مکہ مکرمہ میں دنیا کا سب سے بڑا خودکار قربان گاہ کمپلیکس تیار

 



مکہ : سعودی عرب میں “اداحی” پروجیکٹ کے تحت مکہ مکرمہ میں قائم دنیا کا سب سے بڑا خودکار قربان گاہ کمپلیکس حج 2026 کے لیے مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کے اعتبار سے اسے دنیا کا سب سے بڑا خودکار سلاٹر ہاؤس قرار دیا جا رہا ہے جہاں حج سیزن سے قبل ہی 800000 قربانیوں کی بکنگ موصول ہو چکی ہے۔

10 مقامات پر پھیلا عظیم منصوبہ

اداحی پروجیکٹ 10 مختلف مقامات پر کام کر رہا ہے جہاں 25000 سے زائد افراد خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان میں 17000 تجربہ کار قصاب بھی شامل ہیں۔

ہر جانور کو ذبح سے پہلے مکمل طبی اور شرعی جانچ سے گزارا جاتا ہے تاکہ اس کی عمر کم از کم 6 ماہ ہو اور وہ صحت کے معیار پر پورا اترتا ہو۔ ذبح کے بعد 9 کلوگرام سے کم وزن والے جانوروں کو عمل سے خارج کر دیا جاتا ہے۔

جدید مشینوں کے ذریعے صفائی اور پیکنگ

قربانی کے بعد گوشت کو خودکار صفائی پلانٹس کے ذریعے پروسیس کیا جاتا ہے اور پھر 2.5 کلوگرام کے کارٹن میں پیک کیا جاتا ہے۔

کمپلیکس میں ایک مرکزی کولڈ اسٹوریج یونٹ قائم ہے جس کے ساتھ 20 بڑے فریزر منسلک ہیں۔ ان فریزرز کا درجہ حرارت منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا جاتا ہے اور یہاں 700000 جانوروں کے گوشت کو محفوظ رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔

بعد ازاں گوشت کو سمندری راستے سے 27 ممالک میں بھیجا جاتا ہے جو مخصوص 8 نکاتی معیار پر پورا اترتے ہیں۔

عازمین کیسے بکنگ کرا سکتے ہیں

عازمینِ حج اس سروس کے لیے 720 سعودی ریال ادا کرتے ہیں۔ بکنگ “نسک” ایپ۔ مجاز بینکوں اور “احسان” و “جاہز” پلیٹ فارمز کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔

قربانی مکمل ہونے کے فوراً بعد عازمین کو ای میل یا ان کے حج گروپ کوآرڈی نیٹر کے ذریعے اطلاع فراہم کر دی جاتی ہے۔

غیر ملکی صحافیوں کو بریفنگ

اداحی پروجیکٹ کے نائب نگران سراج محمد نے 100 سے زائد غیر ملکی صحافیوں کو منصوبے کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اور جانوروں کے معائنے۔ پروسیسنگ اور تقسیم کے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس سال صرف بھیڑوں کی قربانی

حج 2026 کے دوران صرف بھیڑوں کی قربانی کی جا رہی ہے جبکہ اونٹ اور گائے کی قربانی کا عمل تاحال معطل رکھا گیا ہے۔

گزشتہ سال تقریباً 60 فیصد عازمینِ حج نے اپنی قربانی اداحی پروجیکٹ کے ذریعے انجام دی تھی جن میں 20000 انفرادی طور پر سفر کرنے والے عازمین بھی شامل تھے۔