مکہ : حج سیزن 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں وزارت داخلہ نے پیر 13 اپریل 2026 سے مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے پرمٹ کے نظام پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے لازمی پرمٹ کے اجرا کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
وزارت نے ان افراد کو ہدایت دی ہے جن کے اقامے مکہ مکرمہ کے علاوہ دیگر شہروں میں ہیں لیکن وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے باعث مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ جانا چاہتے ہیں کہ وہ حج سیزن کے لیے پرمٹ حاصل کرنے کی خاطر ابشر یا مقیم پلیٹ فارم پر درخواست جمع کرائیں۔ درخواست کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں ڈیجیٹل پرمٹ جاری کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ وزارت نے پرمٹ کے اجرا کے لیے ایک متحدہ پورٹل منصہ تصریح بھی متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں داخلے کے اجازت نامے جاری کیے جا رہے ہیں۔
وزارت کے مطابق 18 اپریل 2026 سے حج ویزا رکھنے والوں کے علاوہ کسی بھی شخص کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا وہاں قیام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دیگر تمام وزٹ یا عارضی ویزا رکھنے والوں کا اس تاریخ کے بعد مکہ مکرمہ میں رہنا غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔
مزید برآں عمرہ ویزا رکھنے والوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 18 اپریل 2026 تک اپنے اپنے ممالک واپس روانہ ہو جائیں۔