حج : ہندوستانی عازمین کے لیے اہم سکیورٹی ہدایات، طےشدہ راستے استعمال کریں، گرمی سے بچیں

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 22-05-2026
حج 2026۔ ہندوستانی عازمین کے لیے اہم سکیورٹی ہدایات صرف طےشدہ راستے استعمال کریں
حج 2026۔ ہندوستانی عازمین کے لیے اہم سکیورٹی ہدایات صرف طےشدہ راستے استعمال کریں

 



مکہ : اج 2026 کے لیے لاکھوں عازمین حج مکہ و مدینہ پہنچ چکے ہیں ، جن میں پونے دو لاکھ ہندوستانی حاجی بھی شامل ہیں- ہندوستانی حاجیوں کا اخری دستا کل رات کو جدہ پہنچ چکا ہے, سعودی عرب میں حج کی پیش نظر سیکیورٹی اقدامات کے ساتھ عازمین حج کے لیے خصوصی گائیڈ لائن بھی جاری کی گئی ہیں- جس میں ضابطوں قوانین اور ہدایات پر عمل کرنے کا زور دیا گیا ہے, کیونکہ حج کے دوران سخت گرمی کا امکان ہے ساتھ ہی زبردست رش کے سبب عازمین حج پر طے شدہ پروگرام پر عمل کرنے کا زور دیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی افرا تفری یا مگدڑ کی صورتحال پیدا نہ ہو سکے

ہندوستانی عازمین سے اپیل

 حج 2026 کے دوران ہندوستانی عازمین حج سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔آپ کا تعاون آپ کی حفاظت اور تمام حجاج کی آمد و رفت کو منظم رکھنے کے لیے نہایت اہم ہے۔

مناسک کے دوران۔

• طواف۔ اپنی مخصوص لائن میں رہیں اور مقررہ راستے کی پابندی کریں۔
• جمرات۔ مقررہ اوقات اور راستوں پر سختی سے عمل کریں۔
• نقل و حرکت۔ صرف سرکاری راستوں کا استعمال کریں اور کہیں رکنے سے گریز کریں۔

براہ کرم ہر وقت ہوشیار منظم اور تعاون کرنے والے رہیں۔

گرمی سے بچنے کی وارننگ

 اس سے قبل ہندوستانی عازمین کو  گرمی  میں اضافہ کے سبب الرٹ کیا گیا ہے, حج 1447 ہجری کے دوران بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کے پیش نظر عازمین حج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گرمی کی شدت اور جسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ہندوستانی عازمین حج کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سایہ دار مقامات پر آرام کریں اور آمد و رفت کے لیے ممکنہ حد تک سایہ دار راستوں اور ٹرانسپورٹ سہولیات کا استعمال کریں۔ دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتری یا سر ڈھانپنے کا انتظام اپنے ساتھ رکھیں اور جسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں۔

حجاج کرام کو خاص طور پر صبح دس بجے سے شام چار بجے تک شدید دھوپ میں طویل وقت گزارنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ اس دوران گرمی کی شدت زیادہ ہوتی ہے۔

انڈین حج مشن نے تمام عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران اپنی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔حکام کے مطابق عازمین حج کی سلامتی اور خیریت سب سے زیادہ اہم ہے۔

 

 وزارت حج و عمرہ کا اندرون ملک عازمین کے لیے آگاہی گائیڈ

 وزارت حج و عمرہ نے 2026 کے حج کو آسان اور منظم بنانے کے لیے اندرون ملک عازمین حج کے لیے ایک خصوصی آگاہی گائیڈ جاری کردی ہے۔ یہ اقدام وزارت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد عازمین کی بہتر تیاری کو یقینی بنانا اور انہیں ان تنظیمی ضوابط اور رہنما ہدایات سے آگاہ کرنا ہے جو مناسک حج کی ادائیگی کو زیادہ آسان اور پرسکون بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔

اس گائیڈ میں عازمین کے لیے جامع رہنمائی فراہم کی گئی ہے جو ان کے سفر کے مختلف مراحل میں معاون ثابت ہوگی۔ اس میں سفر سے پہلے کی تیاریوں۔ ذاتی سامان اور ضروری انتظامات۔ سفر کے تقاضوں اور مقررہ اجتماع گاہوں کی معلومات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مقدس مقامات تک نقل و حمل کے طریقہ کار اور منظور شدہ تنظیمی شیڈول پر عمل کرنے سے متعلق ہدایات بھی دی گئی ہیں تاکہ حجاج اپنے مناسک بہتر انداز میں ادا کرسکیں۔

 گائیڈ میں نسک کارڈ سے متعلق تفصیلی ہدایات شامل کی گئی ہیں۔ یہ کارڈ عازمین حج کو مقدس مقامات اور مسجد الحرام میں داخلے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ کارڈ کے ڈیجیٹل ورژن کے استعمال کا طریقہ بھی بیان کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سروس فراہم کرنے والے اداروں کے رابطہ نمبر اور امدادی معلومات بھی شامل ہیں جن میں حجاج کیئر سینٹر۔ صحت اور ایمرجنسی خدمات کے نمبر شامل ہیں۔

گائیڈ میں مناسک حج کی ادائیگی کے لیے تنظیمی راستوں کی وضاحت بھی کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے مقدس مقامات کے وضاحتی نقشے۔ حج کے شیڈول۔ نقل و حمل اور گروپ بندی سے متعلق ہدایات فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ حج کے ایام میں ادا کیے جانے والے مناسک کی آسان اور سادہ تشریح بھی شامل ہے تاکہ عازمین مقررہ ضوابط کے مطابق اپنے مناسک بہتر انداز میں ادا کرسکیں اور ایسے طریقہ کار سے آگاہ رہیں جو ان کی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مددگار ہوں۔

گائیڈ میں آگاہی پر مبنی مواد بھی شامل کیا گیا ہے جس میں حج کے آداب اور مثبت طرز عمل پر زور دیا گیا ہے۔ اس میں رش کے دوران احتیاطی تدابیر۔ گرمی کی شدت سے بچاؤ۔ صفائی کا خیال رکھنے اور منتظمین کے ساتھ تعاون سے متعلق ہدایات شامل ہیں تاکہ حج کا تجربہ مزید بہتر اور منظم بنایا جاسکے اور پورے سیزن کے دوران انتظامی کارکردگی میں اضافہ ہو۔

یہ اقدام وزارت داخلہ۔ وزارت ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس اور وزارت اطلاعات کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ اس میں یونیفائیڈ حج میڈیا آپریشنز سینٹر کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے لیے رائل کمیشن۔ جنرل اتھارٹی برائے اوقاف۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے امور کی جنرل اتھارٹی اور اندرون ملک حجاج کی خدمت انجام دینے والے اداروں اور کمپنیوں کی رابطہ کونسل مطوف بھی شریک ہیں۔

وزارت نے اندرون ملک عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے سفر سے قبل اور دوران اس گائیڈ کا مطالعہ کریں اور اس میں شامل آگاہی مواد سے فائدہ اٹھائیں۔ وزارت کے مطابق گائیڈ درج ذیل لنک سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔

https://haj.gov.sa/ar/Awareness-Center/Awareness-Guides/Internal-Hajj-Guide/

سکیورٹی آپریشنز سینٹر 911 کی عازمین حج کے لیے خدمات میں اضافہ

 مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قائم یونیفائیڈ سکیورٹی آپریشنز سینٹر نے حج سیزن کے دوران عازمین حج کی سہولت اور حفاظت کے لیے اپنی خدمات کو مزید مؤثر اور وسیع کردیا ہے۔ یہ جدید نظام ایمرجنسی سکیورٹی اور انسانی ہمدردی سے متعلق کالز وصول کرتا ہے اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے صرف چند لمحوں میں جواب دیتا ہے۔

سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس سروس کو تربیت یافتہ اور ماہر عملہ چلا رہا ہے جو مختلف زبانوں میں بات چیت کی صلاحیت رکھتا ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے حجاج کو آسانی کے ساتھ مدد فراہم کی جاسکے۔

حکام کے مطابق تمام کالز اور شکایات کو مکمل رازداری کے ساتھ نمٹایا جاتا ہے اور فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچایا جاتا ہے جبکہ مدد طلب کرنے والے شخص پر کسی قسم کی کوئی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی۔

یونیفائیڈ سکیورٹی آپریشنز سینٹر وزارت داخلہ کے تحت قائم قومی سکیورٹی آپریشن نظام کا اہم حصہ ہے۔ عام دنوں میں مختلف سکیورٹی اور خدماتی اداروں کے نمائندے اس نظام میں شامل ہوتے ہیں تاہم حج کے ایام میں ان کی تعداد بڑھا دی جاتی ہے تاکہ بڑے ہجوم اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جاسکے۔

اگر کوئی حاجی راستہ بھول جائے۔ اس کی کوئی چیز گم ہوجائے یا مکہ ریجن میں کسی خطرناک یا ہنگامی صورتحال کا سامنا ہو تو فوری طور پر مدد کے لیے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ کال موصول ہوتے ہی دوسری جانب سے سب سے پہلے یہی آواز سنائی دیتی ہے۔بتائیے میں آپ کی کیا مدد کرسکتا یا کرسکتی ہوں۔