حج : منیٰ میں ’لبیک‘ کی صداؤں کے بعد ، اب منگل کو ہوگا وقوفِ عرفہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-05-2026
  حج : منیٰ میں ’لبیک‘ کی صداؤں کے بعد ،  اب منگل کو ہوگا وقوفِ عرفہ
حج : منیٰ میں ’لبیک‘ کی صداؤں کے بعد ، اب منگل کو ہوگا وقوفِ عرفہ

 



منی:: عارضی خیمہ بستی منیٰ ’’لبیک اللہم لبیک‘‘ کی روح پرور صداؤں سے گونج اٹھی ہے جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج آج 8 ذوالحجہ یعنی ’’یوم الترویہ‘‘ عبادت اور ذکر و اذکار میں گزار رہے ہیں۔مکہ مکرمہ کے قلب میں واقع وادیِ منیٰ چند ہی دنوں میں ایک عظیم اور منظم عارضی شہر میں تبدیل ہو جاتی ہے مینا سے عازمین حج نے اب میدان عرفات کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے جہاں حج کا سب سے اہم رکن ادا کیا جائے گا

سفید خیموں کی بستی

منی کی وسیع بستی جدید سہولیات سے آراستہ ہے جہاں بجلی۔ ٹھنڈک۔ سکیورٹی۔ طبی امداد۔ خوراک اور آمدورفت کے مربوط نظام چوبیس گھنٹے سرگرم رہتے ہیں۔ منیٰ میں ہر سمت رواں دواں قافلے۔ دعاؤں میں مشغول عازمین اور لبیک کی صدائیں ایک روح پرور منظر پیش کر رہی ہیں جو حج کی عظمت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کی خوبصورت علامت ہے۔

 مناسکِ حج کے اہم مرحلے ’’یوم الترویہ‘‘ کے آغاز کے ساتھ ہی 16 لاکھ سے زائد عازمینِ حج وادیِ منیٰ میں جمع ہو چکے ہیں جہاں سے حج کے سب سے اہم رکن وقوفِ عرفہ کی تیاریاں جاری ہیں۔ عرفات کا دن 26 مئی بروز منگل ادا کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار 153 تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 0.8 فیصد زیادہ ہے۔

سنتِ نبویؐ پر عمل کرتے ہوئے حجاج آٹھ ذوالحجہ بروز پیر منیٰ میں قیام کر رہے ہیں جہاں وہ عبادت۔ دعا اور ذکر و اذکار میں مصروف ہیں۔-

وادیِ منیٰ۔ حج کے ایام میں زندہ ہوجانے والی مقدس بستی

مکہ مکرمہ اور مزدلفہ کے درمیان واقع وادیِ منیٰ مسجد الحرام سے تقریباً سات کلومیٹر شمال مشرق میں حدودِ حرم کے اندر واقع ہے۔ شمال اور جنوب کی جانب پہاڑوں سے گھری یہ مقدس وادی سال کے بیشتر حصے میں غیرآباد رہتی ہے لیکن ایامِ حج میں یہاں زندگی کا ایک عظیم منظر دکھائی دیتا ہے اور لاکھوں عازمینِ حج اس مقدس مقام پر جمع ہو جاتے ہیں۔

مکہ کی جانب منیٰ کی سرحد جمرات کے علاقے سے ملتی ہے جبکہ دوسری طرف یہ وادی محسّر سے جڑتی ہے جو مزدلفہ کی جانب جانے والا ایک تنگ راستہ ہے۔ اسلامی روایات کے مطابق وادی محسّر کو ’’عام الفیل‘‘ سے بھی نسبت حاصل ہے جب ابرہہ کا لشکر خانہ کعبہ کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے یہیں ناکام ہوا تھا۔ یہ واقعہ تقریباً 570 عیسوی میں پیش آیا جسے نبی کریم ﷺ کی ولادت کے سال سے جوڑا جاتا ہے۔

خیموں کا عظیم شہر

حج کے دوران منیٰ ایک وسیع خیمہ بستی میں تبدیل ہو جاتا ہے جو تقریباً 25 لاکھ مربع میٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ اس جدید عارضی شہر میں سکیورٹی۔ سلامتی اور سہولیات کے اعلیٰ انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ یہاں 26 لاکھ سے زائد عازمینِ حج کے قیام کی گنجائش موجود ہے۔سفید خیموں پر مشتمل یہ بستی دنیا کے سب سے بڑے عارضی شہروں میں شمار کی جاتی ہے جہاں بجلی۔ ٹھنڈک۔ طبی امداد۔ صفائی۔ خوراک اور آمدورفت کے مربوط نظام چوبیس گھنٹے فعال رہتے ہیں۔

رہائشی سہولیات میں جدید توسیع

رواں برس منیٰ میں رہائشی منصوبوں کی توسیع کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ ان میں ’’ربیعہ کدانہ‘‘ اور ’’کدانہ الخیف کیمپ‘‘ جیسے جدید منصوبے شامل ہیں جن کا مقصد عازمینِ حج کو زیادہ آرام دہ اور منظم رہائشی سہولیات فراہم کرنا اور مقدس مقامات میں جگہ کا بہتر استعمال یقینی بنانا ہے۔

کدانہ ڈیولپمنٹ کمپنی۔ جو رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ کا انتظامی بازو ہے۔ نے وزارتِ حج و عمرہ اور اثرا ہاسپیٹیلٹی ہولڈنگ کمپنی کے اشتراک سے ان علاقوں کو جدید رہائشی مراکز میں تبدیل کیا ہے جو پہلے کم استعمال ہوتے تھے۔ اس اقدام سے نہ صرف حجاج کے لیے گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوا ہے بلکہ مقدس مقامات پر قیام کے معیار کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔

منگل کو میدانِ عرفات روانگی

 منگل کو عازمین میدان عرفات کا رخ کرنے گے، جو حج کا روحانی نقطۂ عروج تصور کیا جاتا ہے۔منیٰ کی جانب حجاج کی روانگی ایک مربوط آپریشنل نظام کے تحت انجام دی گئی۔ حکام کے مطابق اہم شاہراہوں پر ٹریفک پلان اور فضائی نگرانی کے ذریعے حجاج کی نقل و حرکت کو منظم اور پُرامن رکھا گیا۔ ___ وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ یوم الترویہ کے لیے تیار کردہ آپریشنل منصوبہ ایک جامع نظام کا حصہ ہے جس کا مقصد حجاج کی آمدورفت کو آسان بنانا۔ ہجوم کو مؤثر انداز میں منظم کرنا اور دورانِ حج اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنا ہے۔حکام نے اس بات پر زور دیا کہ سکیورٹی۔ صحت اور خدماتی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ اور باہمی تعاون حج کے دوران حجاج کی حفاظت۔ سہولت اور انتظامی کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

منی کے لیے حجاج مکہ مکرمہ سے تقریباً آٹھ کلومیٹر دور منیٰ پہنچتے ہیں۔ وہ یہاں دن اور رات عبادت۔ دعا اور ذکر و اذکار میں گزارتے ہیں۔ منیٰ کو خیموں کا شہر بھی کہا جاتا ہے۔

اس کے بعد  مناسک حسب ذیل رہیں گے

۔ عرفات — نو ذوالحجہ

نو ذوالحجہ کو حجاج منیٰ سے عرفات روانہ ہوتے ہیں جو تقریباً 14 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔وہ میدانِ عرفات میں وقوف کرتے ہیں۔ دعائیں مانگتے ہیں اور غروبِ آفتاب تک عبادت میں مشغول رہتے ہیں۔ حج کا سب سے اہم رکن وقوفِ عرفہ ہے۔

۔ مزدلفہ — نو ذوالحجہ کی رات

غروبِ آفتاب کے بعد حجاج مزدلفہ پہنچتے ہیں جو عرفات اور منیٰ کے درمیان واقع ہے۔وہ رات یہیں گزارتے ہیں اور رمی کے لیے کنکریاں جمع کرتے ہیں۔

 

 

۔ منیٰ — 10 ذوالحجہ

فجر کے بعد حجاج دوبارہ منیٰ روانہ ہوتے ہیں جہاں وہ جمرہ عقبہ کو کنکریاں مارتے ہیں جسے رمی کہا جاتا ہے۔

۔ مسجد الحرام — 10 ذوالحجہ سے آگے

اس کے بعد حجاج مکہ مکرمہ واپس جا کر مسجد الحرام میں طوافِ افاضہ کرتے ہیں یعنی خانہ کعبہ کا طواف اور صفا و مروہ کے درمیان سعی ادا کرتے ہیں۔

۔ منیٰ — 11۔ 12 اور 13 ذوالحجہ

حجاج دوبارہ منیٰ میں قیام کرتے ہیں اور تینوں جمرات۔ جمرہ اولیٰ۔ وسطیٰ اور عقبہ کو کنکریاں مارتے ہیں۔ یہ عمل تین دن تک جاری رہتا ہے۔

۔ مکہ مکرمہ — اختتامِ حج

مناسک مکمل ہونے کے بعد حجاج مکہ مکرمہ واپس آ کر طوافِ وداع ادا کرتے ہیں جو حج کا آخری مرحلہ ہوتا ہے۔ اس کے بعد حجاج واپسی کا سفر شروع کرتے ہیں۔یوں فریضۂ حج اپنے اختتام کو پہنچتا ہے اور لاکھوں مسلمان روحانی سفر مکمل کرنے کے بعد اپنے اپنے ممالک کو روانہ ہوتے ہیں