گوہاٹی: آئی ایم ڈی نےموسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-04-2026
گوہاٹی: آئی ایم ڈی نےموسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا
گوہاٹی: آئی ایم ڈی نےموسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا

 



گوہاٹی 
محکمہ موسمیاتِ  نے ہفتہ کے روز گوہاٹی کے مختلف علاقوں میں آئندہ تین سے چار دنوں کے دوران شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے، ساتھ ہی بعض مقامات پر آندھی، بجلی کڑکنے اور تیز ہواؤں کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق، آئی ایم ڈی نے آج یہ امکان ظاہر کیا ہے کہ شہر کے مختلف حصوں میں بعض مقامات پر 24 گھنٹوں کے دوران 7 سے 20 سینٹی میٹر تک شدید سے انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے، جس کے ساتھ گرج چمک بھی ہوگی۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ موجودہ حالات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بعض علاقوں میں آندھی، بجلی اور تیز ہوائیں چلنے کا قوی امکان ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے، ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل اور حساس علاقوں میں مقامی سطح پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق، شہری انتظامیہ اور آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ  آتھوریٹی صورتِ حال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہنگامی ردِعمل کے نظام کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ ایس ڈی ایم آے نے گوہاٹی کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
آئی ایم ڈی نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ روزانہ سفر کرنے والے افراد اور طویل فاصلے کے مسافر اپنی سرگرمیوں کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد کو سیلاب یا لینڈ سلائیڈنگ کی کسی بھی علامت پر خاص نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
لہٰذا عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ سرکاری موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں اور مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ اس طویل بارش کے دوران اپنی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔دریں اثنا، اس ہفتے کے آغاز میں مسلسل بارشوں کے باعث گوہاٹی کے ہاٹیگاؤں اور انیل نگر علاقوں میں شدید پانی بھراؤ کے سبب معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے تھے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کے حکم پر گوہاٹی میونسپل کارپوریشن کے دائرہ کار میں آنے والے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھے گئے تھے۔