پنچ محل: گجرات کے ضلع پنچ محل میں ہفتے کے روز پاواگڑھ شکتی پیٹھ میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ یہاں مال بردار روپ وے کی رسی اچانک ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں دو لفٹ مین، دو مزدور اور دو دیگر افراد شامل ہیں۔
یہ واقعہ دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا۔ اس حادثے کی تصدیق پنچ محل کے کلیکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ہریش دُدھات نے کی۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر راحت و بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں حادثے کی وجہ رسی ٹوٹنا بتائی گئی ہے، تاہم تکنیکی پہلوؤں سے گہرائی میں جانچ کی جارہی ہے۔
پاواگڑھ کی پہاڑی تقریباً 800 میٹر اونچی ہے۔ عقیدت مند یا تو 2000 سیڑھیاں چڑھ کر یا پھر روپ وے کے ذریعے مندر تک پہنچتے ہیں۔ تاہم خراب موسم کی وجہ سے ہفتے کی صبح سے ہی مسافروں کے لیے روپ وے سروس بند کر دی گئی تھی۔ حادثہ مال بردار روپ وے میں ہوا، جسے سامان ڈھونے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ریاستی وزیر رُشیکیش پٹیل نے بتایا کہ حادثہ ٹاور نمبر ایک کے قریب پیش آیا، جب سامان ڈھونے والی بُوگی کی رسی اچانک ٹوٹ گئی اور وہ نیچے گر گئی۔ تمام لاشیں نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے اور حکومت کو ابتدائی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ پاواگڑھ شکتی پیٹھ ماں کالی کے مندر کے طور پر مشہور ہے۔
یہ گجرات کا ایک بڑا مذہبی مرکز ہے، جہاں ہر سال تقریباً 25 لاکھ عقیدت مند زیارت کے لیے آتے ہیں۔ حادثے کے بعد مندر کے احاطے اور اردگرد کے علاقے میں سوگ اور خوف کا ماحول ہے۔ لوگ حفاظتی انتظامات پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجہ تکنیکی جانچ کے بعد ہی واضح ہوگی۔ فی الحال ہلاک شدگان کے لواحقین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا گیا ہے۔
راجکوٹ ضلع میں بھی ایک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک ایس یو وی الٹنے سے انجینئرنگ کالج کے تین طلبہ جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ جَسدَن تعلقہ کے جنگواڑ گاؤں کے قریب ہفتے کی رات ڈیڑھ بجے پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت آندھرا پردیش کے نریش کوڈاوتی (19)، موٹی ہرش (17) اور افرید سید (17) کے طور پر ہوئی ہے۔
انسپکٹر آر ایس سکریا کے مطابق، راجکوٹ کی آر کے یونیورسٹی کے 12 طلبہ دیو میں چھٹیاں گزارنے جا رہے تھے کہ ڈرائیونگ کرنے والے طالب علم نے موڑ پر گاڑی سے قابو کھو دیا، جس کے باعث گاڑی الٹ گئی۔ زخمی طلبہ میں سے دو کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے راجکوٹ سول اسپتال بھیج دی گئیں۔