گنیز ورلڈ ریکارڈز : 107 سال اور 330 دن کی معمر ترین جڑواں بہنیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-09-2021
دو بہنوں کہانی
دو بہنوں کہانی

 

 

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے 107 سال اور 330 دن کی جاپانی بہنوں کو دنیا کی معمر ترین جڑواں بہنیں ہونے کی سند دے دی ہے۔

امینوسومی یاما اور کومے کوداما پانچ نومبر 1913 کو مغربی جاپان کے جزیرے شودوشیما میں پیدا ہوئیں۔

-- 11 بہن بھائیوں میں ان کا تیسرا اور چوتھا نمبر تھا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے یکم ستمبر کو جاپان کی دو مشہور بہنوں کن نریتا اور جن کینی کا سابقہ ریکارڈ توڑا جو انہوں نے 107 سال اور 175 دن کی عمر کے ساتھ قائم کیا۔

 کیئر ہوم کے عملے نے سومی یاما اور کوداما کو باضابطہ سرٹیفکیٹ پیش کیے۔ دونوں بہنیں اس وقت الگ الگ مقامات پر رہائش پذیر ہیں جن کے درمیان تین سو کلو میٹر کا فیصلہ ہے۔ سومی یاما سرٹیفکیٹ کو دیکھ کر آبدیدہ ہو گئیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کا کہنا ہے کہ کوداما یادداشت کے مسائل کی وجہ سے’سند ملنے کی اہمیت کو پوری طرح سمجھنے میں ناکام رہیں۔

ابتدائی تعلیم مکمل ہونے کے بعد دونوں بہنوں کو الگ کر دیا گیا تھا۔ کوداما کو گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے کے لیے جاپان کے بڑے جنوبی جزیرے کیوشو پر واقع شہر اوہیتا بھیج دیا گیا۔ بعد میں ان کی شادی ہو گئی جب کہ سومی یاما اسی جزیرے پر رہیں جہاں وہ پلی بڑھیں اور ان کا اپنا خاندان ہے۔

- 70 سال کی عمر تک ان کی کبھی کبھار ہی ملاقات ہوتی تھی جب وہ اکٹھی ہو کر 88 شکوکو مندروں میں سے بعض میں جایا کرتی تھیں اور ایک دوسرے سے مل کر خوش ہوتیں۔

صحت اور بہبود کی وزارت کے مطابق جاپان کی ساڑھے 12 کروڑ کی آبادی میں سے 29 فیصد لوگوں کی عمر 65 سال یا اس سے زیادہ ہے۔ اس طرح جاپانی دنیا کی ایسی قوم بن گئے ہیں جس کی عمروں میں سب زیادہ تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ تقریباً 86 ہزار 510 افراد کی عمر 100 سال ہے۔ ان میں آدھے لوگ اس سال 100 برس کے ہوئے۔

-- 100 سال سے زیادہ عمر کے بیشتر ریکارڈ جاپان میں بنے ہیں جن میں معمر ترین تناکاکین بھی شامل ہیں جن عمر اس وقت 118 سال ہے۔ اس سے پہلے جیرومون کمورا معمر ترین شخص تھے جو 116 سال اور 54 دن کی عمر تک زندہ رہے لیکن 12 جون 2013 میں چل بسے۔

 دنیا کی معمر ترین شخصیت فرانس کی جینی لویئزکالمنت تھیں جنہوں نے 122 سال اور 164 دن کی عمر پائی۔