گرین لینڈ قومی اور عالمی سلامتی کے لیے ضروری ، پیچھے ہٹنے کی ضرورت نہیں: ٹرمپ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-01-2026
گرین لینڈ قومی اور عالمی سلامتی کے لیے ضروری ، پیچھے ہٹنے کی ضرورت نہیں: ٹرمپ
گرین لینڈ قومی اور عالمی سلامتی کے لیے ضروری ، پیچھے ہٹنے کی ضرورت نہیں: ٹرمپ

 



واشنگٹن ڈی سی [امریکہ]: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے سے گرین لینڈ کے معاملے پر ٹیلی فونک گفتگو کی اور کہا کہ وہ ڈاووس میں مختلف فریقوں سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے گرین لینڈ پر اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے اسے امریکہ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کی سلامتی کے لیے ضروری قرار دیا۔ امریکی صدر نے منگل کے روز ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس گفتگو کی تفصیلات شیئر کیں۔

ٹرمپ نے کہا،میری نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ گرین لینڈ کے بارے میں بہت اچھی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔ میں نے سوئٹزرلینڈ کے ڈاووس میں مختلف فریقوں سے ملاقاتوں پر اتفاق کیا ہے۔ جیسا کہ میں نے سب کو بالکل واضح طور پر بتایا، گرین لینڈ قومی اور عالمی سلامتی کے لیے بے حد ضروری ہے۔

اس معاملے میں پیچھے ہٹنے کا کوئی سوال ہی نہیں ، اس پر سب متفق ہیں۔ ٹرمپ نے طاقت کے ذریعے دنیا میں امن قائم کرنے سے متعلق اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے پہلے صدارتی دور میں امریکی فوج کی “ازسرنو تعمیر” کے باعث امریکہ دنیا کا سب سے طاقتور ملک بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا، ریاستہائے متحدہ آج دنیا کا سب سے طاقتور ملک ہے۔ اس کی بڑی وجہ میرے پہلے دورِ صدارت میں ہماری فوج کی دوبارہ تعمیر ہے، اور یہ عمل اب اس سے بھی تیز رفتاری سے جاری ہے۔ ہم واحد طاقت ہیں جو پوری دنیا میں امن قائم کر سکتی ہے اور یہ کام طاقت کے ذریعے بہت آسانی سے کیا جا سکتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ گرین لینڈ کے پٹوفک اسپیس بیس پر نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ (NORAD) کا ایک طیارہ تعینات کرنے جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے نیم خودمختار ڈینش علاقے گرین لینڈ کو حاصل کرنے کی کوششوں کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ NORAD نے کہا ہے کہ یہ طیارہ بیس پر طویل عرصے سے طے شدہ مختلف سرگرمیوں کی معاونت کے لیے پہنچے گا۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ کارروائی ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ ہم آہنگی میں کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ نے ڈنمارک اور برطانیہ سمیت دیگر یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی، جب تک کہ وہ گرین لینڈ فروخت کرنے پر رضامند نہ ہو جائیں۔ اپنی پوسٹ میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ یہ قدم قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے، اور اس کے لیے انہوں نے اس خطے میں چین اور روس کی دلچسپی کا حوالہ دیا۔

انہوں نے یورپی ممالک کے ساتھ بات چیت کی پیشکش کی، لیکن خبردار کیا کہ اگر کوئی معاہدہ نہ ہوا تو یکم فروری 2026 سے ٹیرف 10 فیصد اور یکم جون 2026 سے 25 فیصد تک بڑھا دیے جائیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ برسوں تک امریکی حمایت کے بعد اب “ڈنمارک کے لیے بدلہ چکانے کا وقت آ گیا ہے۔