پاکستان کے پارلیمنٹ ی میں کل زبردست ہنگامہ آرائی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-06-2021
زخمی ممبر پارلیمنٹ
زخمی ممبر پارلیمنٹ

 

 

اسلام آباد: پاکستان کے پارلیمنٹ یعنی بقومی اسمبلی میں کل زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی جب قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی تقریر کے دوران وزراء سمیت حکومتی ارکان نے ہنگامہ آرائی کی۔قومی اسمبلی میں مسلسل دوسرے روز بھی قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو تقریر کا موقع نہ مل سکا۔ شہباز شریف کی تقریر کے دوران وفاقی وزراء سمیت حکومتی ارکان نے ہنگامہ آرائی کی۔وفاقی وزراء اور حکومتی ارکان شہباز شریف کی تقریر کے دوران بجٹ دستاویزات کو ڈیسک پر مارتے رہے، سیٹیاں بجائیں اور ہوٹنگ بھی کی۔ پاکستانی پارلیمنٹ میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے اپوزیشن کے بجائے برسر اقتدار ہی ہنگامہ کررہے ہیں۔جس پر زبردست تھو تھو ہورہی ہے۔

 قومی اسمبلی اجلاس کے میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی و وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی علی نواز اعوان نے بجٹ دستاویز اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی شیخ روحیل اصغر کو دے ماری۔ہنگامہ آرائی کے دوران تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن اسمبلی ملیکہ بخاری زخمی ہوگئیں۔

 اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے دوران وفاقی وزراء اور حکومتی ارکان قومی اسمبلی نے شور شرابا کیا جبکہ حکومت اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ایک دوسرے کیخلاف جملے بازی کی گئی۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی و رکن اسمبلی علی نواز اعوان اورن لیگ کے شیخ روحیل اصغر کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی اور گالم گلوچ بھی کی گئی۔اس دوران علی نواز اعوان نے بجٹ دستاویز شیخ روحیل اصغر کو دے ماری۔

 پاکستان کی قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس شروع ہوا توا سپیکر اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو دعوت خطاب دی مگر جونہی شہباز شریف نے مائیک سنبھالا حکومتی ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور شور شرابہ شروع ہوگیا۔ لگتا تھا کہ حکومتی ارکان آج باقاعدہ تیاری کر کے آئے ہیں۔ انہوں نے سٹیل کی سیٹیاں اور لکڑی کے باجے بھی اٹھا رکھے تھے۔ بس پھر کیا تھا ایوان میں کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔ اپوزیشن ارکان نے شہباز شریف کے گرد حفاظتی گھیرا ڈال دیا۔ پاکستان کی قومی اسمبلی میں جاری اجلاس کے دوران حکومتی ارکان کی جانب سے احتجاج کیا گیا تو اس دوران کی کچھ تصاویر اور ویڈیوز سوشل ٹائم لائنز پر پہنچ کر حکومت کے لیے تنقید کی وجہ بن گئیں۔ 

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت صورتحال ناخوشگوار ہوئی جب حکومتی ارکان کی جانب سے احتجاج کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی علی نواز اعوان نے اپوزیشن رکن کو گالیاں دیں۔ ویڈیوز کلپس سوشل میڈیا پر پہنچے تو علی نواز اعوان کے سامنے موجود مسلم لیگ نواز کے رکن روحیل اصغر اور دیگر حکومتی و اپوزیشن ارکان کا شورشرابا بھی نمایاں تھا۔ ٹوئٹر پر واقعے کو زیربحث لانے والے صارفین نے جہاں ارکان اسمبلی، باالخصوص حکومتی رکن اسمبلی کی گالیوں پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا وہیں کئی صارفین اسے دوسروں کے لیے غلط مثال بننے سے تعبیر کرتے رہے۔