جنرل اسمبلی اجلاس: جے شنکر کی متعدد اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقاتیں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-09-2025
جنرل اسمبلی اجلاس: جے شنکر کی متعدد اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقاتیں
جنرل اسمبلی اجلاس: جے شنکر کی متعدد اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقاتیں

 



نیویارک:وزیرِ خارجہ ایس۔ جے شنکر نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 80ویں اجلاس کے موقع پر کئی اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقاتیں کیں اور اقوامِ متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس اور جنرل اسمبلی کی صدر انالینا بیئربوک سمیت اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلۂ خیال کیا۔

جے شنکر نے ہفتے کے روز اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل گوتریس سے ملاقات میں جیو پولیٹیکل حالات اور کئی اہم مسائل پر بات چیت کی۔ انہوں نے موجودہ چیلنجز پر ہندوستان کے مؤقف کو بھی پیش کیا۔

جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’آج نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ اقوامِ متحدہ کے 80ویں اجلاس، جیو پولیٹیکل رجحانات، موجودہ اہم مسائل اور ہندوستان کے مؤقف پر تبادلۂ خیال ہوا۔‘‘

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر بیئربوک کے ساتھ ایک علیحدہ ملاقات میں جے شنکر نے ان کی صدارت کے دوران ہندوستان کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا اور اس عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اقوامِ متحدہ کے ساتھ مل کر اسے ’’موجودہ وقت کے مطابق زیادہ مؤثر اور بامعنی‘‘ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

جے شنکر نے سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون اور علاقائی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے الجزائر کے وزیرِ خارجہ احمد عطاءف سے بھی ملاقات کی اور ہندوستان و الجزائر کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے پر گفتگو کی، ساتھ ہی مغربی ایشیا کی صورتحال پر بھی رائے کا تبادلہ کیا۔