غزہ کی صورتحال تشویشناک، امریکہ اقوام متحدہ کی قحط رپورٹ کا جائزہ لے رہا ہے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-08-2025
غزہ کی صورتحال تشویشناک، امریکہ اقوام متحدہ کی قحط رپورٹ کا جائزہ لے رہا ہے
غزہ کی صورتحال تشویشناک، امریکہ اقوام متحدہ کی قحط رپورٹ کا جائزہ لے رہا ہے

 



واشنگٹن/غزہ :امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے غزہ کی موجودہ صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے، جس میں غزہ میں قحط اور انسانی بحران کو سنگین ترین سطح پر قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق، غزہ ایک جنگ زدہ علاقہ ہے جہاں بے گناہ شہریوں تک امداد کی فراہمی ایک چیلنج بنی ہوئی ہے۔ ہم امدادی رسائی کے بہتر اور مؤثر طریقہ کار پر غور کر رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ امریکی حکومت "انٹیگریٹڈ فوڈ سیکیورٹی فیز کلاسیفیکیشن (IPC)" کی رپورٹس کا بھی تفصیلی جائزہ لے رہی ہے تاکہ زمینی حقائق کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق، امریکہ نے زخمی فلسطینی بچوں کو انسانی بنیادوں پر دیے جانے والے ویزوں کا اجرا روک دیا ہے، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکی ترجمان نے غزہ میں جاری یرغمالیوں کے بحران کو سنگین قرار دیا اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم پر الزام عائد کیا کہ "یہ تنظیم اقتدار میں رہنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد غزہ اور یوکرین میں جاری جنگوں کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام ہے۔