غزہ: عالمی ادارہ صحت (WHO) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کے نتیجے میں تقریباً 42 ہزار افراد ایسے شدید زخمی ہوئے ہیں جو مستقل معذوری کا شکار ہیں اور انہیں برسوں تک طبی دیکھ بھال کی ضرورت ہوگی۔ زخمیوں میں ایک چوتھائی تعداد بچے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک 1,67,376 زخمیوں کا اندراج کیا گیا ہے، جن میں سے ایک چوتھائی کو مستقل نوعیت کی چوٹیں پہنچی ہیں اور پانچ ہزار سے زائد افراد کے اعضا کاٹنے کے آپریشن کیے گئے۔ شدید نوعیت کے زخموں میں 22 ہزار سے زائد ہاتھ پاؤں کی چوٹیں، 2 ہزار سے زائد ریڑھ کی ہڈی کے زخم، تقریباً 1300 دماغی چوٹیں اور 3300 سے زیادہ سنگین جلنے کے واقعات شامل ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے نمائندے رچرڈ پیبرکورن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ان زخمیوں کے لیے "ساری زندگی جاری رہنے والی بحالی کی ضرورت ہے"۔ انہوں نے زور دیا کہ بحالی کا عمل نہ صرف جنگ زدہ زخمیوں بلکہ دائمی امراض اور معذوریوں کے شکار افراد کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کے صحت کا نظام اپنی گنجائش سے کہیں زیادہ دباؤ میں ہے۔
مجموعی طور پر 36 اسپتالوں میں سے صرف 14 جزوی طور پر کام کر رہے ہیں، اور بحالی کی خدمات جنگ سے پہلے کے مقابلے میں ایک تہائی رہ گئی ہیں۔ خصوصی تربیت یافتہ عملے کی کمی بھی سنگین ہو چکی ہے؛ جنگ سے پہلے 1300 فزیوتھراپسٹ اور 400 آکیوپیشنل تھراپسٹ موجود تھے، لیکن اب صرف آٹھ ماہرین دستیاب ہیں۔
پیبرکورن نے مزید کہا کہ جنگ کے نفسیاتی اثرات بھی گہرے ہیں، کیونکہ متاثرہ افراد کو جسمانی زخموں کے ساتھ ساتھ اپنے پیاروں کے نقصان اور روزمرہ مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب کہ نفسیاتی مدد کی خدمات بہت محدود ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے فوری امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ طبی خدمات کو برقرار رکھا جائے، صحت کی تنصیبات کا تحفظ یقینی بنایا جائے، ایندھن اور طبی سامان تک بلا رکاوٹ رسائی دی جائے اور بنیادی اشیاء کی فراہمی پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔ ادارے نے جنگ بندی کا فوری مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ "غزہ کے عوام امن، صحت اور بحالی کے مواقع کے حق دار ہیں"۔