غزہ : اسرائیلی حملوں میں مزید 24 فلسطینی جاں بحق

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2025
غزہ : اسرائیلی حملوں میں مزید 24 فلسطینی جاں بحق
غزہ : اسرائیلی حملوں میں مزید 24 فلسطینی جاں بحق

 



غزہ: عرب میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ ایک بار پھر تیز کر دیا ہے۔

غزہ شہر کی ایک گہماگہمی والی شاہراہ پر گاڑیوں کو نشانہ بناتے ہوئے اسرائیلی خودکش ڈرون نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 11 فلسطینی موقع پر شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں میں کیے گئے اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 24 بے گناہ افراد اپنی جان سے محروم ہو چکے ہیں۔

غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 10 تاریخ سے شروع ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جن میں اب تک 318 فلسطینی شہید اور 788 زخمی ہوچکے ہیں۔

گزشتہ برس شروع ہونے والی شدید لڑائی کے بعد مصر و قطر کی ثالثی میں ایک عبوری جنگ بندی طے پائی تھی، جس کے تحت دونوں جانب سے حملے روکنے پر اتفاق ہوا تھا۔ تاہم متعدد بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی چھاپوں، ڈرون حملوں اور فضائی کارروائیوں کا سلسلہ رکا نہیں، جبکہ دوسری جانب حماس اور دیگر گروہوں کی جانب سے بھی اسرائیلی فوجی چوکیوں پر محدود ردِعمل دیکھا گیا ہے۔

غزہ پہلے ہی سخت محاصرے، تباہ شدہ انفراسٹرکچر، ادویات و خوراک کی قلت اور بڑے پیمانے پر بے گھر ہونے والے خاندانوں کے باعث شدید انسانی بحران کا شکار ہے۔ ایسے حالات میں حملوں کا دوبارہ شدت اختیار کرنا خطے میں انسانی صورتِ حال کو مزید بگاڑنے کا باعث بن رہا ہے۔ بین الاقوامی اداروں نے حالیہ واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کی شرائط پر پوری طرح عمل کریں تاکہ عام شہریوں کو مزید جانی نقصان سے بچایا جا سکے۔