غزہ:غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جارحیت ایک بار پھر درجنوں جانیں لے گئی۔ میڈیا کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے حملوں میں 50 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 7 بچے بھی شامل ہیں۔ حملوں کا نشانہ زیادہ تر رہائشی مکانات اور عام شہریوں کے گھر بنے۔
تازہ واقعات کے بعد غزہ میں مجموعی شہادتوں کی تعداد 64 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار سے اوپر جا پہنچی ہے۔ اسرائیلی وزیرِ دفاع نے جارحانہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ بلند و بالا عمارتوں کو مٹا کر اس گنجان آباد خطے کو ’’جہنم‘‘ بنا دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے شروع ہونے والی جنگ مسلسل جاری ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ انسانی جانوں کا نقصان بڑھتا جا رہا ہے، جب کہ فلسطینی عوام شدید کرب اور تباہی کا سامنا کر رہے ہیں۔