غزہ : اسرائیلی بمباری ، 24 گھنٹوں میں 73 فلسطینی جاں بحق

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-08-2025
غزہ : اسرائیلی بمباری ، 24 گھنٹوں میں 73 فلسطینی جاں بحق
غزہ : اسرائیلی بمباری ، 24 گھنٹوں میں 73 فلسطینی جاں بحق

 



غزہ : محصور فلسطینی علاقے غزہ میں اسرائیلی بمباری اور قحط سے پیدا ہونے والا انسانی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 71 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں 4 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی قحط کے باعث مزید 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جس سے ایک دن میں مجموعی اموات کی تعداد 73 ہو گئی ہے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق علاقے میں قحط کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اب تک 273 افراد غذائی قلت کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں 112 بچے شامل ہیں۔ بچوں کے تحفظ کے لیے سرگرم اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ غذائی قلت نے غزہ کے بچوں کو بدترین صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے گلوبل ہنگر مانیٹر نے شمالی غزہ، خصوصاً غزہ سٹی کو قحط زدہ علاقہ قرار دے دیا ہے، جہاں 5 لاکھ سے زائد افراد خوراک کی شدید قلت کا شکار ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے بھوک سے ہونے والی اموات کو اسرائیلی پالیسیوں کا نتیجہ اور ممکنہ جنگی جرم قرار دیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قحط سے متعلق رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے۔ تاہم اقوام متحدہ کے امدادی امور کے سربراہ ٹام فلیچر کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد کی راہ میں ’منظم رکاوٹیں‘ کھڑی کی جا رہی ہیں، جس کے باعث سرحدوں پر خوراک کی فراہمی متعطل ہے۔

اُنہوں نے اس صورتحال کو عالمی برادری کے لیے ایک اجتماعی شرمندگی قرار دیا۔ غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری، قحط، اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے لاکھوں فلسطینیوں کو بدترین انسانی بحران میں دھکیل دیا ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں نے ایک بار پھر فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی کی بحالی، اور بین الاقوامی مداخلت کی اپیل کی ہے، تاکہ اس بڑھتے ہوئے انسانی المیے کو روکا جا سکے۔