غزہ - اسرائیل نے بلند عمارتوں کو نشانہ بنانا شروع کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-09-2025
غزہ - اسرائیل نے  بلند عمارتوں کو نشانہ بنانا شروع  کیا
غزہ - اسرائیل نے بلند عمارتوں کو نشانہ بنانا شروع کیا

 



 غزہ :اسرائیلی فوج نے آپریشن میں توسیع کرتے ہوئے سنیچر کو شہریوں کو حکم دیا کہ وہ جنوب میں فوج کی جانب سے مقرر کردہ علاقے میں منتقل ہو جائیں۔ فوج کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہر پر قبضے کی تیاریوں کا حصہ ہے، جہاں اب بلند عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، غزہ کے کئی حصے، جہاں تقریباً 10 لاکھ لوگ مقیم ہیں، پہلے ہی ’ریڈ زون‘ قرار دیے جا چکے ہیں اور وہاں متوقع کارروائی کے پیش نظر انخلا کی ہدایات جاری ہو چکی ہیں۔

امدادی اداروں نے بارہا خبردار کیا ہے کہ غزہ شہر سے بڑے پیمانے پر انخلا انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دے گا۔ دنیا کی سب سے بڑی فوڈ کرائسس اتھارٹی پہلے ہی اس علاقے کو قحط زدہ قرار دے چکی ہے۔ دو برس سے جاری جنگ کے دوران فلسطینی بار بار بے گھر ہوئے ہیں اور ان میں سے بہت سوں کے پاس اب کہیں جانے کی جگہ نہیں بچی۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی عدری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ غزہ کی جنوبی پٹی میں واقع ’مواسی‘ خیمہ بستی کو انسانی امداد کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، اور غزہ شہر کے تمام باشندوں — جسے فوج نے حماس کا گڑھ اور جنگی زون قرار دیا ہے — سے وہاں منتقل ہونے کو کہا گیا ہے۔ فوج نے یہ بھی اعلان کیا کہ لوگ مخصوص سڑک کے راستے بغیر تلاشی کے گاڑیوں میں سفر کر سکتے ہیں۔

فوج نے ایک نقشہ بھی جاری کیا جس میں خان یونس کے اس علاقے کو دکھایا گیا جہاں امدادی سرگرمیوں کے لیے محفوظ زون بنایا گیا ہے۔ اس میں وہ بلاک بھی شامل ہے جہاں ناصر اسپتال واقع ہے۔ اگرچہ اسپتال کے اطراف کا علاقہ ’ریڈ زون‘ ہے لیکن خود اسپتال اس میں شامل نہیں۔

گذشتہ ہفتے اسرائیل نے اسی اسپتال پر حملہ کیا تھا، جس میں 22 افراد مارے گئے، جن میں صحافی مریم داقہ بھی شامل تھیں، جو ایسوسی ایٹڈ پریس اور دیگر اداروں کے لیے رپورٹنگ کرتی تھیں۔ فوج نے وضاحت کی کہ اسپتال کے عملے کو انخلا سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ محفوظ علاقے میں فیلڈ اسپتال، پانی کی لائنیں، خوراک اور خیمے فراہم کیے جائیں گے، اور یہ سرگرمیاں اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے جاری رہیں گی۔ تاہم غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی افواج نے کئی بار ان ہی محفوظ قرار دیے گئے علاقوں پر حملے کیے ہیں، جن میں مواسی بھی شامل ہے۔

سنیچر کو اسرائیل نے غزہ شہر کی دو بلند عمارتوں اور ان کے اطراف قائم خیموں کو خالی کرنے کی وارننگ دی۔ فوج کا دعویٰ ہے کہ حماس نے ان عمارتوں کے اندر یا ان کے قریب تنصیبات قائم کی ہوئی ہیں۔