تہران: تہران نے اعلان کیا ہے کہ لبنان میں جاری جنگ بندی کے دوران آبنائے ہرمز تجارتی جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھلی رہے گی۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی جہازوں کی آمدورفت کو باقی ماندہ مدت کے لیے مکمل طور پر کھلا قرار دیا جاتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس اہم بحری راستے کی بحالی کے باوجود کچھ پابندیاں برقرار رہیں گی اور جہازوں کو ایرانی حکام کی جانب سے پہلے سے طے شدہ اور مربوط راستوں پر ہی سفر کرنا ہوگا۔
اس پیش رفت کی تصدیق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہے اور جہازوں کی آمدورفت کے لیے تیار ہے۔
یہ پیش رفت اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں صدر ٹرمپ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ایک تاریخی ملاقات کے انعقاد کی کوششیں جاری ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق یہ جنگ بندی اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور لبنانی صدر جوزف عون کے ساتھ ہونے والی مثبت ٹیلیفونک بات چیت کے بعد ممکن ہوئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق لبنان میں جنگ بندی کو خطے میں وسیع تر امن کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کھولنا عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔