مسجداقصی میں نماز جمعہ پر پابندی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2026
مسجداقصی میں نماز جمعہ پر پابندی
مسجداقصی میں نماز جمعہ پر پابندی

 



یروشلم: اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں اسرائیلی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس کے قدیم شہر میں واقع مسجد اقصیٰ میں آج جمعے کی نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اسرائیلی سول ایڈمنسٹریشن کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ہشام ابراہیم نے اسرائیلی فوج کے پلیٹ فارم المنسق کے ذریعے اعلان کیا کہ ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی حملوں کے خدشات کے باعث سیکیورٹی اقدامات سخت کیے جا رہے ہیں۔

اعلان کے مطابق جمعے کے روز یروشلم کا قدیم شہر میں واقع تمام بڑے مذہبی مقامات کو بند رکھا جائے گا۔ ان میں مسجد اقصیٰ کے علاوہ مغربی دیوار اور چرچ آف ہولی سیپلکر بھی شامل ہیں۔ اس دوران کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے عبادت گزاروں یا زائرین کو ان مقامات میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب مسجد اقصیٰ کے سینئر امام شیخ عکرمہ صبری نے اس فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام ہر موقع کو مسجد اقصیٰ کو بند کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ان کے مطابق سیکیورٹی کی آڑ میں مقدس مقام تک رسائی محدود کرنا غیر ضروری اور بلاجواز اقدام ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث خطے میں سیکیورٹی خدشات اور سفارتی تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔