پیرس: فرانس کے سابق صدر نکولا سرکوزی منگل کے روز پیرس کی جیل میں پانچ سال قید کی سزا کاٹنے کے لیے پہنچ گئے۔ انہیں 2007 کے صدارتی انتخابی مہم کے لیے لیبیا سے غیر قانونی فنڈ حاصل کرنے کی مجرمانہ سازش کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔ وہ جدید فرانس کے پہلے سابق صدر ہیں جنہیں جیل بھیجا گیا ہے۔
سرکوزی اپنی اہلیہ کارلا برونی سرکوزی کا ہاتھ تھامے اپنے گھر سے نکلے اور "لا سانتے" جیل کی جانب روانہ ہوئے۔ جیل جاتے وقت انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا: "ایک بےگناہ شخص کو جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔" گزشتہ ماہ عدالت نے انہیں اس الزام میں مجرم قرار دیا تھا کہ انہوں نے لیبیا سے غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے فنڈز کے ذریعے 2007 کی صدارتی انتخابی مہم کی مالی معاونت کی سازش کی تھی۔
سرکوزی نے سزا اور زیرِ التوا اپیل کے باوجود جیل بھیجے جانے کے جج کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ ایلیزے محل (فرانسیسی صدارتی محل) سے بدنام زمانہ لا سانتے جیل تک ان کا یہ سفر پورے فرانس میں حیرت و صدمے کا باعث بنا ہے۔ جیل پہنچنے سے کچھ دیر پہلے سرکوزی اور ان کی اہلیہ اپنے بچوں اور نواسوں سے ملنے گھر کے باہر آئے۔ انہوں نے پیرس کے پوش علاقے میں موجود حامیوں کی بھیڑ کی طرف ہاتھ ہلایا اور پھر گاڑی میں سوار ہو گئے۔
سینکڑوں حامیوں نے تالیاں بجائیں، "نکولا، نکولا" کے نعرے لگائے اور فرانس کا قومی ترانہ پڑھا۔ سرکوزی کے بیٹے اور بیٹیاں جین، پیئر، لوئی، اور جولیا اور ان کے نواسے نواسیاں بھی وہاں موجود تھے۔ پیرس کی رہائشی 67 سالہ میشل پیری نے کہا، "میں اپنی حمایت دکھانے آئی ہوں، کیونکہ یہ ناانصافی ہے اور غصہ دلانے والی بات ہے۔" متنازع صدر ایمانوئل میکخواں نے گزشتہ ہفتے ایلیزے پیلس میں سرکوزی کی میزبانی کی تھی۔
میکخواں نے پیر کو کہا: "میں نے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی کے بارے میں واضح موقف اپنایا ہے، لیکن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سابق صدر سے ملاقات مناسب تھی۔" سرکوزی کے وکلاء نے بتایا کہ سابق صدر کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر تنہائی میں رکھا جائے گا، جہاں وہ دیگر قیدیوں سے الگ رہیں گے۔
ان کے وکیل کرسٹوف اینگرین نے بی ایف ایم ٹی وی سے کہا: "جیل بھیجے جانے سے ان کا عزم اور اپنی بےگناہی ثابت کرنے کا جذبہ اور مضبوط ہو گیا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ سرکوزی جیل کے اپنے تجربے پر مبنی ایک کتاب لکھنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔ سرکوزی نے فرانسیسی اخبار لا تریبین دیمانش سے کہا: "مجھے جیل سے ڈر نہیں لگتا۔ میں اپنا سر بلند رکھوں گا، یہاں تک کہ لا سانتے کے دروازوں کے سامنے بھی۔ میں آخری سانس تک لڑوں گا۔"
اخبار کے مطابق، انہوں نے جیل جانے کے لیے جو بیگ تیار کیا ہے اس میں کچھ کپڑے، خاندان کی 10 تصویریں، اور تین کتابیں شامل ہیں۔ پیرس کی عدالت نے حکم دیا ہے کہ سرکوزی اپنی اپیل کی سماعت کا انتظار کیے بغیر جیل کی سزا شروع کریں کیونکہ "جرم نے عوامی نظام کو شدید متاثر کیا ہے۔" عدالتی فیصلے کے مطابق، 70 سالہ سرکوزی جیل میں داخل ہونے کے بعد ہی اپنی رہائی کے لیے اپیل دائر کر سکتے ہیں، اور ججوں کو اس پر فیصلہ کرنے کے لیے دو ماہ کا وقت ملے گا۔ ان کے وکلاء نے بتایا ہے کہ یہ اپیل جلد ہی داخل کی جائے گی۔