نئی دہلی: مرکزی حکومت نے ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) کے سابق گورنر اُرجت پٹیل کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ED) کے طور پر مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ان کی مدتِ کار تین سال کے لیے ہوگی۔ وہ کے وی سبرامنین کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے، جن کی خدمات حکومت نے ان کے تین سالہ دورِ کار سے چھ ماہ قبل ہی ختم کر دی تھیں۔ یہ برطرفی 30 اپریل 2025 سے مؤثر ہوگی۔
وزارتی تقرری کمیٹی نے ماہرِ معاشیات اور آر بی آئی کے سابق گورنر اُرجت پٹیل کو آئی ایم ایف میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ یہ تقرری عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے تین سال تک یا اگلے حکم تک برقرار رہے گی۔" آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 25 ڈائریکٹروں (ایگزیکٹو ڈائریکٹرز یا EDs) پر مشتمل ہے، جو رکن ممالک یا ممالک کے گروپ کی نمائندگی کرتے ہیں۔
بھارت اُس انتخابی حلقے (constituency) کا حصہ ہے جس میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھوٹان شامل ہیں۔ اس تقرری سے قبل اُرجت پٹیل بیجنگ میں قائم کثیر فریقی مالیاتی ادارے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) میں نائب صدر (سرمایہ کاری آپریشن، خطہ 1) کے طور پر کام کر رہے تھے۔ تاہم انہوں نے خاندانی صحت کے وجوہات کی بنا پر جنوری 2024 میں اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
اُرجت پٹیل نے ستمبر 2016 میں رگھورام راجن کے بعد آر بی آئی کے 24ویں گورنر کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔ لیکن دسمبر 2018 میں مرکزی بینک کے منافع کی منتقلی کے معاملے پر حکومت کے ساتھ تنازعہ پیدا ہوا، جس کے نتیجے میں انہوں نے اچانک استعفیٰ دے دیا۔
اس سے قبل وہ آر بی آئی میں ڈپٹی گورنر بھی رہ چکے ہیں، جہاں انہوں نے مونیٹری پالیسی، اکنامک پالیسی ریسرچ، شماریات و اطلاعاتی انتظام، ڈپازٹ انشورنس، کمیونیکیشن اور آر ٹی آئی جیسے محکموں کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اُرجت پٹیل کا جَنم 1963 میں ہوا۔ 1998 سے 2001 تک وہ وزارتِ مالیات میں مشیر بھی رہے۔
وہ سرکاری اور نجی شعبے کی مختلف اداروں سے وابستہ رہے ہیں، جیسے رلائنس انڈسٹریز، آئی ڈی ایف سی لمیٹڈ، ایم سی ایکس لمیٹڈ اور گجرات اسٹیٹ پٹرولیم کارپوریشن۔ انہوں نے: لندن اسکول آف اکنامکس سے بی اے (اکنامکس)، آکسفورڈ یونیورسٹی سے 1986 میں ایم فل، اور ییل یونیورسٹی سے 1990 میں معاشیات میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔ پی ایچ ڈی کے بعد وہ براہِ راست آئی ایم ایف سے وابستہ ہوگئے اور 1990 تا 1995 امریکہ، ہندوستان، بہاماس اور میانمار کے ڈیسکوں پر خدمات انجام دیں۔