اسرائیلی حملوں میں پانچ فلسطینی ہلاک

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2025
 اسرائیلی حملوں میں پانچ فلسطینی ہلاک
اسرائیلی حملوں میں پانچ فلسطینی ہلاک

 



 

غزہ -جمعرات کو اسرائیلی فضائی حملوں میں جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں پانچ فلسطینی ہلاک اور 18 زخمی ہوئے۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب حماس اور اسرائیل ایک دوسرے پر چھ ہفتے پہلے ہونے والی جنگ بندی توڑنے کا الزام لگا رہے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، طبی عملے نے بتایا کہ بنی سہیلہ میں ایک گھر پر حملہ ہوا جس میں تین افراد، جن میں ایک شیر خوار بچی بھی شامل ہے، ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ عبسان کے علاقے میں ایک اور حملے میں ایک شخص مارا گیا اور تین زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے حملوں کی تصدیق تو کی ہے، مگر ہلاکتوں کے بارے میں لاعلمی ظاہر کی ہے۔جمعرات کی شام ناصر اسپتال کے حکام نے بتایا کہ عبسان ہی میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی ہلاک ہوا، جس کے بعد کل تعداد پانچ ہو گئی۔

بدھ کے روز اسرائیل نے کہا تھا کہ فلسطینی عسکریت پسندوں کی جانب سے اُن کی فوج پر فائرنگ کے بعد انہوں نے غزہ بھر میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔ غزہ کے طبی حکام کے مطابق ان حملوں میں کم از کم 25 افراد مارے گئے، جو 29 اکتوبر کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں، جب ایک ہی دن میں کم از کم 100 افراد جان سے گئے تھے۔

حماس نے ان حملوں کو ’خطرناک اضافہ‘ قرار دیتے ہوئے عرب ثالثوں، ترکیہ اور امریکہ—جو جنگ بندی کے ضامن ہیں—سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔

جمعرات کو جاری ایک بیان میں حماس کے ترجمان حازم قاسم نے الزام لگایا کہ اسرائیل نے اُن سرحدی نشانات میں تبدیلی کی ہے جو قبضے والے علاقوں کی حد بندی ظاہر کرتے ہیں۔ اُن کے مطابق یہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور اس طرح اسرائیل غزہ کے 50 فیصد سے زیادہ علاقے پر قبضہ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔