کلکتہ:درگا پوجا تہوار سے قبل ہلسا مچھلی کی پہلی کھیپ پڑوسی ملک بنگلہ دیش سے ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد پر پہنچ گئی ہے۔ آٹھ ٹرکوں میں تقریباً 32 ٹن مچھلی ہندوستان بھیجی گئی ہے۔ بنگلہ دیش نے حال ہی میں تہواروں کے پیشِ نظر ہندوستان کو 1,200 ٹن ہلسا مچھلی برآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔
اس کی فراہمی 16 ستمبر سے 5 اکتوبر کے درمیان ہونی ہے۔ ہر ٹرک میں دریائے پدما سے تقریباً چار ٹن مچھلی لدی ہوئی ہے۔ مچھلی درآمد کرنے والی تنظیم کے سکریٹری سید انور مقصود نے کہا، ’’یہ کھیپ بدھ کی رات تک کلکتہ کی ہول سیل مارکیٹوں میں پہنچ جائے گی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ایک کلو ’’پدما ہلسا‘‘ کی قیمت گاہکوں کے لیے تقریباً 1,800 روپے ہوگی۔ مقصود نے کہا، ’’اب تقریباً ہر روز بنگلہ دیش سے مچھلیاں کلکتہ کی منڈیوں میں آئیں گی۔‘
‘ حکام نے بتایا کہ بنگلہ دیش حکومت نے پہلے ہی صاف کر دیا تھا کہ مچھلی کی یہ سپلائی اُس کی برآمدی پالیسی 2024–27 کے تحت ہوگی، جس میں کم از کم برآمدی قیمت 12.5 امریکی ڈالر فی کلوگرام طے کی گئی ہے۔ اس منظوری کی مدت 16 ستمبر سے 5 اکتوبر تک ہے۔