پاکستان: شدید گرمی۔ بجلی کا بدترین بحران۔عوام پریشان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-07-2021
شدید گرمی۔ بجلی کا بدترین بحران
شدید گرمی۔ بجلی کا بدترین بحران

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی۔ اسلام آباد

پاکستان میں اس وقت جہاں شدید گرمی ہورہی ہے وہیں بجلی کا بد ترین بحران جاری ہے ۔جس نے عوام کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔ حالات یہ ہیں کہ مختلف شہروں میں لوگ ابحکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ آگ زنی کے واقعات ہورہے ہیں۔پاکستانی اخبارات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا۔ملتان اور گوجرانوالا میں لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر آگئے اور سڑکیں بلاک کردیں۔

 پاکستان بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 18 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، بجلی کی طلب پیداوار سے کئی گنا زیادہ ہوگئی، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔

 ملتان کے علاقے نواب پور روڈ پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا جبکہ گوجرانوالا میں جیتی روڈ پر گوندلانوالہ چوک پر شہریوں نے مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے گیپکو اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

اُدھر پنجاب دارالحکومت لاہورمیں بھی 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔شدید گرمی میں بجلی غائب ہونے سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔لودھراں ،بہاولپور، بہاولنگر سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے تک جاپہنچاہے جبکہ فیصل آباد، سیالکوٹ اور گجرات میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عوام سخت پریشان ہیں۔

 موجودہ صورتحال میں اسلام آباد کے شہریوں کو 6 گھنٹے جبکہ راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں 8 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ دوسری طرف لاہور میں بھی بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے جہاں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کے لیے بجلی کی بندش کی جارہی ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق لاہور میں صبح کے وقت ہی بجلی کی طلب 4 ہزار 600 میگاواٹ تک پہنچ گئی تھی۔ اس وقت لیسکو کو تین ہزار 50 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

 کراچی کی بات کی جائے تو دیگر شہروں کی طرح شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 3 سے 10 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن، قصبہ کالونی، بنارس کالونی، فرنٹیئر کالونی، چاولہ مارکیٹ، ناظم آباد، پاپوش نگر، اولڈ سٹی ایریا سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ وقفے وقفے سے جاری ہے۔