وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا سنگاپور اور چین کا دورہ، سیاسی و اقتصادی تعلقات پر گفتگو

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2025
وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا سنگاپور اور چین کا دورہ، سیاسی و اقتصادی تعلقات پر گفتگو
وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا سنگاپور اور چین کا دورہ، سیاسی و اقتصادی تعلقات پر گفتگو

 



سنگاپور: ہندوستان کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اتوار کو اپنے تین روزہ چین-سنگاپور دورے کے پہلے مرحلے میں سنگاپور پہنچے، جہاں انہوں نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن سے ملاقات کی۔ جے شنکر نے اس ملاقات کی اطلاع سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر دی۔

انہوں نے کہا: سنگاپور ہماری 'ایکٹ ایسٹ پالیسی' کا مرکز ہے، یہاں خیالات کا تبادلہ ہمیشہ اہم ہوتا ہے۔ آج صبح وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ ایکٹ ایسٹ پالیسی' ہندوستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جزو ہے، جس کے تحت ہندوستان کا فوکس مشرقی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

اس ملاقات کو ہندوستان اور سنگاپور کے بڑھتے ہوئے سیاسی و اقتصادی تعلقات کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کے بعد وزیر خارجہ جے شنکر نے ٹیمسیک ہولڈنگز کے چیئرمین-نامزد ٹی او چی ہین سے بھی ملاقات کی۔

انہوں نے اس ملاقات کو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے کہا آج ٹیمسیک ہولڈنگز کے چیئرمین-ڈیزگنیٹ ٹی او چی ہین سے ملاقات خوش آئند رہی۔ ہم نے ہندوستان میں جاری تبدیلیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کی۔

اس ملاقات میں ہندوستان میں معاشی اصلاحات، بنیادی ڈھانچے کے منصوبے، اور تجارتی مواقع پر بات چیت ہوئی۔ یہ گفتگو ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی جانب اشارہ کرتی ہے۔ ہندوستان کے اقتصادی منظرنامے میں تیزی سے تبدیلی اسے عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل بنا رہی ہے۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر 15 جولائی کو چین کے تیانجن شہر میں منعقد ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ چین کی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ اس اجلاس میں مختلف شعبوں میں تعاون، عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

یہ دورہ ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کے حالیہ چین دوروں کے بعد ہو رہا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق، ایس سی او اجلاس کی صدارت چین کے وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی کے پولٹ بیورو کے رکن وانگ یی کریں گے۔ اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور مستقل اداروں کے سربراہان شرکت کریں گے۔

چینی بیان میں کہا گیا ہے کہ جے شنکر اور وانگ یی کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کے طریقوں پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ گاڑیوں اور دیگر مصنوعات کی تیاری کے لیے درکار نایاب دھاتوں (rare earth metals) پر بھی گفت و شنید کی امید ہے۔