وزیر خارجہ جے شنکر کی چین کے نائب صدر سے ملاقات

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-07-2025
وزیر خارجہ جے شنکر کی چین کے نائب صدر سے ملاقات
وزیر خارجہ جے شنکر کی چین کے نائب صدر سے ملاقات

 



بیجنگ/ آواز دی وائس
ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کے روز چین کے نائب صدر ہان ژینگ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہندوستان اور چین کے تعلقات کا مسلسل معمول پر آنا دونوں کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔ ہان ژینگ کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات میں جے شنکر نے یہ بھی کہا کہ موجودہ "پیچیدہ" عالمی صورتحال کے پیش نظر، دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان خیالات کا کھلا تبادلہ نہایت اہم ہے۔
وزیر خارجہ اپنی دو ملکی دورے کے دوسرے اور آخری مرحلے میں آج صبح سنگاپور سے بیجنگ پہنچے۔ وہ چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم  کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے دورے پر ہیں۔ یہ دورہ مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن  پر 2020 میں ہوئے فوجی تنازعے اور اس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں پیدا شدہ شدید کشیدگی کے بعد جے شنکر کا پہلا چین کا دورہ ہے۔
ملاقات کے آغاز میں اپنے ابتدائی کلمات میں جے شنکر نے کہا کہ جیسا کہ آپ نے ذکر کیا، گزشتہ سال اکتوبر میں کازان میں وزیر اعظم (نریندر) مودی اور صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد ہمارے دو طرفہ تعلقات میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس دورے میں ہونے والی میری بات چیت اسی مثبت سمت میں آگے بڑھے گی۔
وزیر خارجہ نے ہندوستان-چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کا بھی حوالہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ کائلاش مانسروور یاترا کی بحالی کو ہندوستان میں بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔ ہمارے تعلقات کا معمول پر آنا دونوں فریقوں کے لیے باہمی طور پر سودمند نتائج لا سکتا ہے۔
جے شنکر نے کہا کہ آج ہم جن بین الاقوامی حالات میں ملاقات کر رہے ہیں، وہ خاصے پیچیدہ ہیں۔ ہمسایہ ممالک اور بڑی معیشتوں کے طور پر، ہندوستان اور چین کے درمیان خیالات اور نقطہ نظر کا کھلا تبادلہ بے حد اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس دورے کے دوران ایسی جامع بات چیت کی امید کرتا ہوں۔
جے شنکر کے اس دورے سے تین ہفتے قبل ہی ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے بندرگاہی شہر چھنگداؤ کا دورہ کیا تھا۔
چین اس وقت شنگھائی تعاون تنظیم  کی صدارت کر رہا ہے اور اسی حیثیت سے اس تنظیم کی میزبانی کر رہا ہے۔