پیرس فرانس: جلاوطن ایرانی ولی عہد رضا پہلوی نے جمعہ کے روز ایران میں حالیہ احتجاج کے دوران انٹرنیٹ کی بندش اور مواصلاتی ذرائع منقطع کرنے پر ایرانی حکومت کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انٹرنیٹ بند کر دیا ہے لینڈ لائنز کاٹ دی ہیں اور حتیٰ کہ سیٹلائٹ سگنلز کو جام کرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یورپی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیروی کرتے ہوئے ایرانی عوام کی حمایت کریں اور حکومت کو جواب دہ ٹھہرائیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں رضا پہلوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایرانی حکومت کو جواب دہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یورپی قیادت سے بھی اپیل کی کہ وہ اسی طرح عملی قدم اٹھائے۔
رضا پہلوی نے مطالبہ کیا کہ ایرانی عوام کے ساتھ رابطہ بحال کرنے کے لیے تمام دستیاب تکنیکی مالی اور سفارتی وسائل استعمال کیے جائیں تاکہ ان کی آواز اور ان کی خواہشات دنیا کے سامنے آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آج رات لاکھوں ایرانیوں نے آزادی کا مطالبہ کیا جس کے جواب میں حکومت نے تمام مواصلاتی راستے بند کر دیے۔ انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ہے زمینی فون لائنز کاٹ دی گئی ہیں اور ممکن ہے سیٹلائٹ سگنلز کو بھی جام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں آزاد دنیا کے رہنما صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے حکومت کو جواب دہ بنانے کے وعدے کو دہرایا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ یورپی رہنما بھی خاموشی توڑیں اور ایرانی عوام کی حمایت میں زیادہ فیصلہ کن کردار ادا کریں۔ انہوں نے اپیل کی کہ ایرانی عوام کی آواز کو دبنے نہ دیا جائے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق جمعرات کی رات ایران کے دارالحکومت میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج کے فوراً بعد ایران میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس معطل کر دی گئی۔ رپورٹ میں عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ احتجاج جلاوطن ولی عہد رضا پہلوی کی جانب سے بڑے مظاہرے کی اپیل کے بعد ہوا۔
اس سے قبل جمعرات کو امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی ایرانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہر اس شخص کے ساتھ کھڑا ہے جو پرامن احتجاج کر رہا ہے اور آزادانہ اجتماع اور اظہار کے حق کے لیے آواز اٹھا رہا ہے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم یقیناً ہر اس شخص کی حمایت کرتے ہیں جو پرامن احتجاج میں شریک ہے اور جو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کو سنگین مسائل کا سامنا ہے اور جیسا کہ امریکی صدر کہہ چکے ہیں بہتر یہی ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ دنیا بھر میں بشمول ایرانی عوام ان تمام لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے جو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران میں مہنگائی اور معاشی مشکلات کے خلاف عوامی احتجاج جاری ہے۔ سی این این کے مطابق مختلف صوبوں میں مظاہرے ہو رہے ہیں جن میں بعض مقامات پر سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئی ہیں اور ان میں ہلاکتیں بھی رپورٹ کی گئی ہیں۔