ہر پل پاکستان کی سیاست بدلے گی: شیخ رشید احمد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 02-04-2022
 ہر پل پاکستان کی سیاست بدلے گی: شیخ رشید احمد
ہر پل پاکستان کی سیاست بدلے گی: شیخ رشید احمد

 

 

آسلام آباد:پاکستان کے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور سیاسی ہلچل کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں ملک کی سیاست ہر ایک گھنٹے کے بعد بدلے گی۔

اسلام آباد میں ہفتے کو ایک تقریب میں میڈیا سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’آئین کے مطابق عمران خان تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں بھی وزیراعظم رہیں گے، جب تک دوسرے وزیراعظم حلف نہیں اٹھا لیتے۔‘

انہوں نے سیاسی صورت حال کے تین حل پیش کیے: ’ایک اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور رمضان کے بعد جلد الیکشن کروائے جائیں۔ دوسرا، ان جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے جنہوں نے غیر ملکی سازش کے تحت تحریک عدم اعتماد جمع کروائی اور تیسرا پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی نشستوں سے مستعفی ہو جائیں۔‘

وزیر داخلہ نے ’اداروں‘ کو مخاطب کرکے کہا کہ ’ملک لڑائی برداشت نہیں کر سکتا۔‘ شیخ رشید نے اپوزیشن کے ساتھ جنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’سیاسی مردوں‘ کو ’دفن کرنا‘ ان کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی وجہ سے عمران خان عوام میں مزید مقبول ہوگئے ہیں۔ شیخ رشید نے اپوزیشن قائدین پر براہ راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت سے بھی غلطیاں ہوئیں مگر عوام ان کا (اپوزیشن کا) منہ نہیں دیکھنا چاہتے۔‘

تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی میں اتوار کی ووٹنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سب کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔