برسلز: یورپی یونین (ای یو) نے اپنی ہجرت (امیگریشن) پالیسی میں وسیع اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد غیر قانونی تارکینِ وطن کی بے دخلی کے عمل کو تیز کرنا اور بیرونِ ملک حراستی مراکز قائم کرنے کے لیے متنازع معاہدوں کی راہ ہموار کرنا ہے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس اقدام کا موازنہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت گیر امیگریشن پالیسیوں سے کیا ہے۔ یورپی یونین کی موجودہ صدارت سنبھالنے والے ملک قبرص کے نائب وزیر برائے ہجرت نکولس ایونائیڈز نے کہا: "نئے ضابطے کے ذریعے ان افراد کی واپسی کا عمل تیز ہو جائے گا جنہیں یورپی یونین میں رہنے کا قانونی حق حاصل نہیں ہے۔"
یہ معاہدہ پیر کی شام یورپی یونین کے تین اہم اداروں یورپی کمیشن، یورپی کونسل اور یورپی پارلیمنٹ کے درمیان ہونے والی سہ فریقی (ٹریلَوگ) مذاکرات کے دوران طے پایا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ ضابطہ ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن حکمتِ عملی سے مشابہت رکھتا ہے، جس کے تحت ہزاروں افراد کی بے دخلی کے لیے دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ خفیہ معاہدے کیے گئے تھے۔
برطانیہ نے بھی تارکینِ وطن کو روانڈا بھیجنے کی ایک متنازع منصوبہ بندی کی تھی، لیکن یہ قانونی پیچیدگیوں کا شکار ہو گئی اور نئی حکومت کے قیام کے بعد اسے مؤخر کر دیا گیا۔ اس عارضی تجویز کو اب یورپی پارلیمنٹ کے ارکان اور رکن ممالک کے سربراہان کے پاس منظوری کے لیے بھیجا جائے گا، جہاں اس کی جلد منظوری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس منصوبے کے تحت یورپی یونین کے رکن ممالک یونین سے باہر کے ممالک کے ساتھ دوطرفہ معاہدے کر سکیں گے، جن کے ذریعے بے دخلی کے مراکز (Deportation Centres) قائم کیے جائیں گے۔ اس وقت کم از کم پانچ یورپی ممالک — جرمنی، آسٹریا، نیدرلینڈز، ڈنمارک اور یونان — افریقی اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے ساتھ ایسے مراکز کے قیام کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ یہ ماڈل اٹلی اور البانیہ کے درمیان قائم حراستی مراکز کے معاہدے سے متاثر ہے۔ 2024 میں بعض یورپی ممالک میں دائیں بازو کی جماعتوں کے اقتدار میں آنے کے بعد یورپی یونین مسلسل اپنی ہجرت پالیسیوں کو مزید سخت بنا رہی ہے۔