لندن: رمضان المبارک کی روحانی فضا پوری دنیا میں محسوس کی جا رہی ہے اور اسی مناسبت سے عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی خیرسگالی کے پیغامات جاری کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں برطانیہ کے فرمانروا چارلس سوم نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ماہِ صیام کی مبارکباد پیش کی ہے۔
فوٹوز اور ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 17 فروری کو شاہی خاندان کے سرکاری اکاؤنٹ کے ذریعے ایک خصوصی پیغام جاری کیا گیا، جس میں رمضان کی آمد پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شاہی خاندان برطانیہ، دولتِ مشترکہ اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو بابرکت اور پُرامن رمضان کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔ پیغام میں اس مقدس مہینے کو صبر، ہمدردی اور باہمی احترام کا پیغام عام کرنے کا ذریعہ قرار دیا گیا۔
برطانیہ اور متعدد خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز بدھ 18 فروری سے ہو چکا ہے، جب کہ اس بابرکت مہینے کا اختتام عیدالفطر کی خوشیوں کے ساتھ ہوگا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب سمیت متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین، عراق، یمن، لبنان، فلسطین اور افغانستان میں رمضان کا چاند نظر آنے کے بعد ان ممالک میں آج پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب صادق خان نے بھی رمضان لائٹس کے افتتاح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جسے صارفین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ ترکیہ، سویڈن، آسٹریلیا، مصر، عمان، ملائیشیا، سنگاپور، برونائی، انڈونیشیا، فلپائن، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، ازبکستان، فرانس اور جاپان میں پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا۔
بیلجیئم اور برطانیہ میں چاند دیکھنے کے معاملے پر کمیونٹی میں تقسیم دیکھنے میں آئی، جہاں بعض افراد نے بدھ سے اور دیگر نے جمعرات سے رمضان شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے رویتِ ہلال کمیٹیوں کے متعدد اجلاس پورہے ہیں۔ سبھی صوبوں میں مفتیان کرام اور علما دین نے عوام سے چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے تاکہ چاند کی رویت سے متعلق باضابطہ اعلان کیا جائے ۔