انگلینڈ:بچوں کی جلد موت کا سبب کزن میرج

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-02-2026
انگلینڈ:بچوں کی جلد موت کا سبب کزن میرج
انگلینڈ:بچوں کی جلد موت کا سبب کزن میرج

 



لندن: انگلینڈ میں بچوں کی اموات سے متعلق ایک حالیہ تحقیق نے تشویش ناک رجحان کی نشاندہی کی ہے، جس کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران انتقال کرنے والے ہر 14 میں سے ایک بچے کے والدین آپس میں قریبی خونی رشتہ رکھتے تھے۔ نیشنل چائلڈ مارٹیلٹی ڈیٹا بیس کی رپورٹ کے مطابق 2019ء سے 2023ء تک انگلینڈ میں مجموعی طور پر 13 ہزار 45 بچوں کی اموات ریکارڈ کی گئیں۔

ان میں سے 926 بچے (تقریباً 7 فیصد) ایسے والدین کے ہاں پیدا ہوئے تھے جو قریبی رشتہ دار تھے، مثلاً فرسٹ کزن۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ملک بھر میں قریبی رشتہ دار والدین کی مجموعی شرح کے درست اعداد و شمار دستیاب نہیں، تاہم اموات کے تناسب میں ان بچوں کی شرح غیر معمولی حد تک زیادہ دکھائی دیتی ہے، جو فوری توجہ کی متقاضی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بچوں کی اموات میں نسلی، سماجی اور معاشی عوامل کا بھی کردار موجود ہے، جس سے مختلف طبقات کے درمیان نمایاں تفاوت سامنے آتی ہے۔ اسی تناظر میں بریڈ فورڈ میں کی گئی ایک علیحدہ تحقیق میں بتایا گیا کہ وہاں ہر چھ میں سے ایک بچے کے والدین فرسٹ کزن تھے، اور اس رجحان کی بڑی تعداد پاکستانی نژاد کمیونٹی سے منسلک پائی گئی۔ ماہرینِ صحت نے اس صورتِ حال کو صحتِ عامہ کے لیے سنجیدہ چیلنج قرار دیتے ہوئے آگاہی، اسکریننگ اور مشاورتی خدمات کو مؤثر بنانے پر زور دیا ہے۔