لندن: برطانوی بھارتی رکن پارلیمان شیوانی راجہ نے بدھ کے روز اپوزیشن کنزرویٹو پارٹی کے رکن پارلیمان نیل او برائن کے ساتھ مل کر انگلینڈ کے شہر لیسٹر میں مقامی حکام کی جانب سے دیوالی کے جشن کو بڑے پیمانے پر منعقد نہ کرنے کے منصوبے کے خلاف مہم شروع کی۔
راجہ اور او برائن نے ’’چینج ڈاٹ او آر جی‘‘ پر ایک درخواست شروع کی ہے، جس کا مقصد لیسٹر سٹی کونسل پر دباؤ ڈالنا ہے تاکہ وہ اس سال 20 اکتوبر کو بیلگراو روڈ پر ہونے والے دیوالی کے جشن کو پہلے کی طرح بڑے پیمانے پر منعقد کریں۔ کونسل نے یہ اعلان کیا تھا کہ اس بار روایتی اسٹیج پیشکش، ’’دیوالی ولیج‘‘ اور آتشبازی کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔
درخواست میں کہا گیا ہے، ’’اس تہوار کو پہلے جیسا شاندار اور وسیع و عریض رکھنے کی ضرورت ہے۔‘‘ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دیوالی کے پروگرام کو مکمل طور پر بحال کیا جائے، جس میں آتشبازی، ثقافتی مظاہرے، کھانے کے اسٹالز، جھولے اور ’’دیوالی ولیج‘‘ شامل ہوں۔
لیسٹر کے میئر سر پیٹر سولسبی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ لوگ اس پروگرام کو مزید بہتر دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن حفاظتی وجوہات کی بنا پر اس سال کے انعقاد میں کچھ سرگرمیوں کو کم کیا گیا ہے۔ مقامی کونسل کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو برسوں میں ہجوم کے انتظام میں دشواری ہوئی ہے، اسی لیے پروگرام کو محدود کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔