واشنگٹن:دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ایلون مسک کے والد ایرول مسک ایک بار پھر سنگین الزامات کی زد میں ہیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک تازہ رپورٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرول مسک پر اپنے پانچ بچوں اور سوتیلے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات عائد ہوئے ہیں، جو مبینہ طور پر 1993ء سے مختلف اوقات میں سامنے آتے رہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پولیس اور عدالت کے ریکارڈ، سماجی کارکنوں کی رپورٹس، ذاتی خطوط اور فیملی انٹرویوز سے یہ بات سامنے آئی کہ مبینہ زیادتی کے واقعات جنوبی افریقہ اور کیلیفورنیا میں پیش آئے۔ 1993ء میں ان کی چار سالہ سوتیلی بیٹی نے الزام لگایا کہ گھر میں اسے نامناسب انداز میں چھوا گیا۔ 2023ء میں پانچ سالہ بیٹے نے بھی یہی دعویٰ کیا کہ والد نے اس کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔
تاہم ان تمام مقدمات میں نہ تو ایرول مسک کو گرفتار کیا گیا اور نہ ہی انہیں کوئی سزا سنائی گئی۔ ایرول مسک نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بکواس اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ایرول مسک ایک عرصے سے متنازع شخصیت رہے ہیں۔ ان پر ماضی میں بھی کئی بار سنگین الزامات عائد ہوچکے ہیں جن میں غیر اخلاقی رویے اور فیملی کے اندر کشیدگی شامل ہیں۔
ایلون مسک خود بھی متعدد بار اپنے والد کو خوفناک انسان قرار دے چکے ہیں اور دونوں کے تعلقات انتہائی کشیدہ بتائے جاتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایرول مسک اس سے قبل سابق امریکی صدر باراک اوباما کے بارے میں بھی متنازع اور بے بنیاد بیانات دے چکے ہیں، جن پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ تازہ رپورٹ ایک بار پھر ایرول مسک کو عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا رہی ہے۔ اگرچہ ان کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہوسکے، لیکن ان کے ماضی کے ریکارڈ اور فیملی کے ساتھ تنازعات نے انہیں ایک بار پھر کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بنا دیا ہے۔