مکہ: سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں عید کی نماز کے عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کر کے عبادت کی سعادت حاصل کی۔ اسی طرح مسجد اقصیٰ میں بھی روح پرور اجتماع دیکھنے میں آیا۔
خلیجی خطے کے علاوہ دبئی، قطر، بحرین، کویت، ترکیہ، یمن اور روس میں بھی آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔ آسٹریلیا میں بھی مسلمان برادری آج عید منا رہی ہے، جہاں وزیرِ اعظم انتھونی البانیزی سڈنی کی ایک مسجد میں تقریبات میں شریک ہوئے۔ دوسری جانب پاکستان، بھارت، بنگلادیش، سری لنکا، ملائیشیا اور انڈونیشیا میں عیدالفطر کل منائی جائے گی۔
خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عیدالفطر کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے عالمی امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور امتِ مسلمہ کے لیے امن، سلامتی اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔ دوسری جانب دنیا کے مختلف ممالک میں بھی آج عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔
ترکیہ، لبنان، یمن، فلسطین اور عراق میں آج عید منائی جا رہی ہے، جبکہ آسٹریلیا میں بھی مسلمان عید کی خوشیاں منا رہے ہیں۔ امریکا میں بھی چاند نظر آنے کے بعد آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔ ادھر برطانیہ سمیت یورپ بھر میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے آج عید منانے کا اعلان کیا ہے۔ لندن میں چاند رات کی سب سے بڑی اور رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
اس موقع پر مہندی کے اسٹالز پر خواتین کا خاصا رش دیکھنے میں آیا، جہاں وہ اپنے ہاتھوں پر خوبصورت ڈیزائن بنواتی رہیں۔ تقریب میں ملبوسات، چوڑیاں، زیورات، پرفیوم، میک اپ، کھلونے اور دستکاری کے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے تھے، جہاں خریداروں کا ہجوم رہا۔ اس کے ساتھ ساتھ آنے والوں کے لیے لذیذ کھانوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا، جس نے چاند رات کی رونق کو مزید بڑھا دیا۔