مصر : جنگ بندی پرمذاکرات کیلئے فلسطینی عہدیدارقاہرہ میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
امن کی راہ پر
امن کی راہ پر

 

 

 قاہرہ :حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ اور صدر محمود عباس کی فتح پارٹی کے عہدیدار اسرائیل سے جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے مصر پہنچ گئے۔

اسمٰعیل ہنیہ اور فتح پارٹی کے عہدیدار مصری حکام سے الگ الگ مذاکرات کریں گے۔حماس کے ترجمان حزیم قسیم نے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ مصر کی جانب سے خصوصی دعوت پر قاہرہ پہنچے ہیں تاکہ اگلے ہفتے فلسطین کی تمام جماعتوں کے درمیان وسیع پیمانے پر بات چیت کی جائے۔

دوسری جانب مغربی کنارے کی حکمران جماعت فتح پارٹی کے سینئر رہنما جبریل راجوب متوقع طور پر مصری عہدیداروں سے ملاقات کریں گے جبکہ صدر محمد عباس کو بھی دعوت دی گئی ہے۔فلسطینی اور مصری ذرائع نے یہ واضح نہیں کیا کہ فلسطینی کے حریف گروپس کا آپس میں بھی کوئی اجلاس ہوگا یا نہیں۔

قبل ازیں فلسطین کے وزیراعظم محمد شتیہ نے رملہ میں کابینہ کے اجلاس میں کہا تھا کہ امید ہے کہ قاہرہ کی ثالثی میں غزہ میں اپنے لوگوں کے ساتھ اختلاف کو ختم ہوجائے گی اور اسی طرح ہم اپنی قوم کے اتحاد میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ حماس کے ترجمان نے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ اورمصری عہدیداروں کے درمیان ملاقات میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے ساتھ ساتھ غزہ میں بحالی کے منصوبے پر بات چیت ہوگی۔ غزہ میں تعمیر نو کے لیے مصر پہلے ہی 50 کروڑ ڈالر مختص کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔ خیال رہے کہ 10 مئی کو غزہ میں اسرائیل نے بمباری شروع کی تھی اور 11 روز تک بدترین بمباری کے بعد مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ہوئی تھی۔ اسرائیلی بمباری سے بچوں اور خواتین سمیت 250 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے جبکہ حماس کے راکٹ حملوں میں اسرائیل میں 13 افراد مارے گئے تھے۔