میانمار میں 3.4 شدت کا زلزلہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-09-2025
میانمار میں 3.4 شدت کا زلزلہ
میانمار میں 3.4 شدت کا زلزلہ

 



نایپیداو/ آواز دی وائس
 قومی مرکز برائے زلزلہ کے مطابق ہفتہ کی دوپہر میانمار میں 3.4 شدت کا زلزلہ آیا۔ ماہرین کے مطابق کم گہرائی والے زلزلے عام طور پر زیادہ خطرناک ہوتے ہیں کیونکہ ان کے جھٹکے سطح زمین تک جلد پہنچتے ہیں، جس سے زمین زیادہ شدت سے ہلتی ہے اور عمارتوں کو زیادہ نقصان اور جانی نقصان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
یاد رہے کہ 28 مارچ کو جب 7.7 اور 6.4 شدت کے زلزلے وسطی میانمار میں آئے تھے تو عالمی ادارہ صحت  نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ہزاروں بے گھر افراد کے لیے صحت کے خطرات میں تیزی سے اضافے کی وارننگ دی تھی، جن میں تپ دق (ٹی بی)، ایچ آئی وی، مچھر سے پھیلنے والی اور پانی سے پھیلنے والی بیماریاں شامل تھیں۔
میانمار کو درمیانے اور بڑے زلزلوں کے خطرات لاحق رہتے ہیں، جن میں سونامی کا خطرہ بھی شامل ہے کیونکہ اس کا ساحلی علاقہ طویل ہے۔ میانمار چار ٹیکٹونک پلیٹوں (ہندوستانی، یوریشین، سنڈا اور برما پلیٹس) کے بیچ واقع ہے جو فعال ارضیاتی عمل میں مسلسل حرکت کرتی ہیں۔
میانمار سے 1,400 کلومیٹر لمبی ٹرانسفارم فالٹ لائن گزرتی ہے جو انڈمان اسپر یڈنگ سینٹر کو شمالی ٹکراؤ زون، جسے ساگائنگ فالٹ کہا جاتا ہے، سے جوڑتی ہے۔
ساگائنگ فالٹ، ساگائنگ، منڈالے، باگو اور یانگون کے لیے زلزلے کے خطرات کو مزید بڑھا دیتا ہے۔ یہ چاروں شہر میانمار کی کل آبادی کا 46 فیصد ہیں۔ اگرچہ یانگون فالٹ لائن سے نسبتاً دور ہے، پھر بھی یہ اپنی کثیر آبادی کے باعث شدید خطرے میں رہتا ہے۔ مثال کے طور پر، 1903 میں 7.0 شدت کے شدید زلزلے نے جو باگو میں آیا تھا، یانگون کو بھی بری طرح متاثر کیا تھا۔